مومن کی عید رضا ربانی میں پوشیدہ ہے ،مولانا عرفان اللہ شاہ نوری
رمضان میں کیجانے والی عبادتیں جاری رکھیں ،عید ملن تقریب سے خطاب
جدہ ( امین انصاری )مومن کیلئے عید اللہ کی رضا اور اسکی خوشنودی ہے ۔ رمضان کا بابرکت مہینہ ہم سے رخصت ہوا نہیں معلوم ہماری عبادتیں بارگاہ الہی میں قبو ل ہوئیںکہ نہیں ۔ہم نے نمازوں ، تراویح اور قیام اللیل کا اہتمام کیا اور اپنے رب کو منانے کیلئے خیر و خیرات بھی کی ۔ اس مبارک ماہ کی سعادتیں اور برکتیں اور فضیلتیں لوٹنے کے بعد ہمیں عید کا دن میسر ہوا اب ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم عید کی خوشیوں میں ان نادار ، پریشان اور مفلس مسلمانوںکی مدد کریں ،جو لوگ ہمارے تعاون کے مستحق ہیں ہم ان تک پہنچ کر انہیں بھی اپنی عید کی خوشیوں میں شریک کریں ۔ یتیموں کوہم اپنی خوشیوں میں یاد رکھیں یقینا ان اعمال سے ہم اپنے رب کائنات کو مناسکتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار مولانا عرفان اللہ شاہ نوری نے مدینہ منورہ میں عبدالمتین فاروقی کے گھر منعقدہ عید ملن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نہیں معلوم آئندہ سال ہمیں رمضان ملے یا نہ ملے ہمیں چاہئے کہ رمضان میں جس طرح عبادتوں کا اہتمام کیا اسی طرح باقی مہینوں میں بھی زیادہ سے زیادہ عبادتوں کا اہتمام کریں اور لوگوں کے ساتھ حسن سلوک کریں ۔ انہوں نے کہا کہ صاحب ثروت اصحاب کے مال میں غریبوں ، یتیموں اور محتاجوں کا بھی حصہ ہوتا ہے اسے خرچ کرکے اپنی آخرت کو سنواریں ۔ مولانا عرفان اللہ شاہ نوری نے اس موقع پر عالم اسلام کے مسلمانوں کو عموما اور حیدرآباد دکن کے مسلمانوں کو خاص کر عید مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر شرکاءکا عطر اور شیر خورمہ سے استقبال کیا گیا ۔ عبدالمتین فاروقی نے تمام شرکاءکا فردا فردا شکریہ ادا کیا ۔