کشمیر کمیٹی جدہ کی جانب سے کشمیر میں قتل عام کی مذمت
عالمی برادری واقعہ کا فوری نوٹس لے، صدر کشمیر کمیٹی کی اردو نیوز سے گفتگو
مکہ مکرمہ (محمد عامل عثمانی ) کشمیر کمیٹی کے صدر مسعوداحمد پوری نے کشمیر میں معصوم وبے گناہ کشمیریوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ظلم اور جبر سے حق خودارادیت کی جدوجہد کو ختم کرنا ممکن نہیں۔ کشمیر میں 20 بے گناہ نوجوانوں کی شہادت اور 200 سے زائد زخمی یقینا ہندوستانی فوج کے مظالم کا کھلا ثبوت ہے ۔ اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری 70سال سے ہندوستانی ظلم کا شکار ہیں۔ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی وسیاسی حمایت جاری رکھے گا۔عالمی برادری کو اس طرح کی وحشیانہ کارروائیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔ ہر طرح کے جبر و استبداد کے باوجود اہل کشمیر کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔یہ قدرے اطمینان کی بات ہوئی کہ کشمیر میں ہندوستانی مظالم پر عالمی تنظیمیں بھی بول اٹھیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ہندوستانی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کی شہادت کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کردیا۔جبکہ اسلامی تعاون کی تنظیم نے تحقیقات کیلئے کمیشن کو کشمیر میں داخلے کی اجازت دینے کا مطالبہ بھی کردیا۔کشمیر کمیٹی جدہ کے صدر نے اقوام متحدہ اور او آئی سی کے موقف کی تا ئید کی کہ کشمیریوں کی شہادت پر تحقیقات کرا ئی جائیںاور کمیشن کو کشمیر میں داخلہ کی اجازت دی جائے۔کشمیر کمیٹی جدہ کے جنرل سیکریٹری منیر احمد گوندل اور دیگر ارکان بشمول چوہدری محمد اعظم ، راجہ محمد زریں خان ، نصر اقبال سردار خان ، ڈاکٹر مجاہد ظفر ، پرویز یوسف مسیح ، غلام نبی بٹ، سردار محمد اقبال یوسف ، عامر غنی میر اور محمد فاروق الراعی نے بھی کشمیر میں ہندوستان کی جانب سے حالیہ درندگی کی شدید الفاظوں میں مذمت کی اور پاکستان میں حکومت کی طرف سے جمعہ 6 اپریل کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کی تا ئید کی ۔