ریاض: ہندوستانی کیشیئر کو لوٹنے والے 12 پاکستانی گرفتار
ریاض.... ریاض پولیس کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ ہندوستانی کیشیئر سے مشرقی ریاض کے السلی محلے میں 7 لاکھ ریال چھیننے والے پاکستانی گروہ کو گرفتار کرلیا گیا۔ حملہ آوروں نے ہندوستانی کی گاڑی کو زبردستی روکا تھا اور اس سے دستی بیگ چھین کر فرار ہوگئے تھے۔ بیگ میں 7 لاکھ ریال نقد موجود تھے۔ حملہ آوروں میں سے ایک نے ہندوستانی کیشیئر کے چہرے پر بے ہوش کرنے والا مادہ اسپرے کیا جبکہ دوسرے نے گاڑی کے عقبی شیشے کو توڑ کر وہاں سے بیگ اٹھایا تھا۔ کیشیئر کی شکایت پر ریاض پولیس نے سراغ رسانوں کو واردات کرنے والوں کی تلاش اور گرفتاری کی مہم تفویض کردی تھی۔ 12 پاکستانی اس میں ملوث پائے گئے۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ یہ چوری چکاری اور رہزنی کی وارداتیں پیشہ وارانہ انداز میں کررہے تھے۔ گروہ میں متعلقہ کمپنی کاایک کارکن بھی شامل تھا۔ ان کے قبضے سے 2 لاکھ ریال برآمد ہوئے ہیں پبلک پراسیکیوشن کو واقعہ سے مطلع کردیا گیا۔