مقامی خاتون کے غیر ملکی خاوند کیساتھ سعودیوں جیسا معاملہ نہیں ہوگا، وزارت محنت
جدہ.... سعودی وزارت محنت و سماجی بہبود نے واضح کیا ہے کہ مقامی خاتون کے غیر ملکی خاوند کے ساتھ سعودیوں جیسا معاملہ نہیں ہوگا۔ وزارت نے تازہ ترین دستاویز جاری کرکے اس امر پر پابندی عائد کردی ہے کہ سعودیوں کیلئے مخصوص پیشوں پر صرف سعودی شہری ہی کام کریں گے۔ سعودی خاتون کے غیر ملکی خاوند اور سعودی شہری کی غیر ملکی بیوی کو بھی اس سے استثنیٰ نہیں ہوگا۔ ان میں سے کوئی بھی سعودیوں کیلئے مختص پیشوں پر کام کا مجاز نہیں۔ عکاظ اخبار نے یہ اطلاع دیتے ہوئے توجہ دلائی کہ وزارت محنت نے ایسے پیشوں پر جو سعودیوں کیلئے مختص نہ ہوں ان میں سعودی شہری کی غیر ملکی بیوی اور سعودی خاتون کے غیر ملکی خاوند کے ساتھ سعودیوں جیسا برتاﺅ کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔ واضح رہے کہ وزارت محنت و سماجی بہبود نئے ہجری سال 1440 ھ کے آغاز سے 12 پیشے سعودی خواتین اور مردوں کیلئے مختص کرنے کا اعلان کرچکی ہے۔ نئے ہجری سال سے عملدرآمد شروع کردیا جائے گا۔ ان پیشوں کا تعلق مختلف سامان فروخت کرنے والے مراکز اور دکانوں سے ہے۔