شعیب شیخ بول ملازمین کو تنخواہیں دیں یا جیل کے لیے تیار رہیں‘ سپریم کورٹ
کراچی: سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس کی سربراہی میں نجی ٹی وی چینل بول کے ملازمین کے واجبات کی عدم ادائیگی کے کیس کی سماعت ہوئی۔ اس دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ انتظامیہ اگر واجبات ادا نہیں کر سکتی تو چینل کو بند کردے۔ ذرائع کے مطابق بول کے ایک سابق ملازم نے عدالت کو بتایا کہ 192 افراد کے واجبات ادا نہیں کیے گئے اور کئی ملازمین کو فارغ بھی کردیا گیا ہے۔ جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ شعیب شیخ کہاں ہیں؟ بول انتظامیہ نے بتایا کہ واجبات ادا کردیئے ہیں اور حلف نامہ بھی جمع کرا دیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ آپ کے تمام مسائل بعد میں دیکھیں گے پہلے ملازمین کی تنخواہیں ادا کریں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کل تک 10 کروڑ نقد جمع کرائیں ورنہ شعیب شیخ جیل جانے کا بندوبست کرلیں۔ عدالت نے شعیب شیخ کو کل حلف نامے کے ساتھ طلب کرتے ہوئے سماعت کل تک کےلئے ملتوی کردی۔