بزم ریاض کے زیر اہتمام لاہور میں عید ملن پارٹی کا انعقاد
عید ملن ہماری روایات کا ایک اہم اور خوبصورت حصہ ہے،بزم ریاض کا ایک مقصد آپس میں محبت اور رواداری کو فروغ دینا ہے، شرکاء کا اظہار خیال
ریاض ( ذکاء اللہ محسن) - - - -سعودی عرب کی فعال سماجی، ادبی و ثقافتی تنظیم’’ بزم ریاض‘‘ کے زیر اہتمام لاہور میں عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس کے مہتمم اور میزبان تنویر محمد میاں تھے جبکہ تقریب میں مہمانان گرامی بابر علی، زاہد لطیف سندھو، آر جے فواد اور وقار نسیم وامق و دیگر شرکاء شامل تھے۔بزم ریاض کے سینیئر رکن تنویر میاں کی رہائش پر منعقد ہونیوالی اس عید ملن پارٹی میں میزبان نے استقبالیہ کلمات میں مہمانوں کو خوش آمدید کیااور عید سعید کے پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید کا تہوار ہمیں باہمی اتحاد و یگانگت کا درس دیتا ہے، عید خوشی اور مسرت کے اظہار کا دن ہے اور اس کا تقاضا یہ ہے کہ ہم خوشیوں کو اجتماعی طور پر منائیں تاکہ پورا معاشرہ مسرور اور مطمئن ہو۔زاہدلطیف سندھو نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عید الفطر شکر اور خوشی کا تہوار ہے۔ بزم ریاض کا ایک مقصد آپس میں محبت اور رواداری کو فروغ دینا ہے اور آج کے اس پرمسرت دن کے موقع پر ہم یہ تجدید عہد کرتے ہیں کہ ہم انفرادی اور اجتماعی سطح پر مثبت معاشرے کی تعمیر میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کرتے رہیں گے۔آر جے فواد نے عید کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تہوار کسی بھی تہذیب کا حسن ہوتے ہیں اور اسلام میں عیدین کے تہوار اسلامی تہذیب کے آئینہ دار ہیں اور ہم اس خوبصورت تہذیب کے علمبردار ہیں جس میں عیدین کے مواقع پر ہم اپنی مشکلات کو بھلا کر خلوص دل کے ساتھ ایک دوسرے کو گلے لگاتے ہیں ۔عیدالفطر کا پیغام بھی یہی ہے کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ رواداری سے پیش آئیں۔ بابر علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید ملن ہماری روایات کا ایک اہم اور خوبصورت حصہ ہے۔ عید ملن کے موقع پر احباب کا اکٹھا ہونا اور خوشیوں بھرے لمحات کو اجتماعی طور پر گزارنے سے اخوت اور یگانگت کا جذبہ پروان چڑھتا ہے۔بزم ریاض نے ہر اہم موقع کی مناسبت سے تقاریب کا انعقاد کیا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ بزم کے اراکین دلچسپی اور عزم کے ساتھ معاشرے کی فلاح و بہبود کیلئے سرگرم عمل ہیں۔بزم ریاض کے بانی اور جنرل سیکریٹری وقار نسیم وامق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عید کا تہوار ہمیں ایک منظم وحدت میں پرو کر اسلام کے آفاقی پیغام پر عمل پیرا ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے۔بزم ریاض کی جانب سے یہ عید ملن خوشی اور محبت کے جذبوں کے فروغ کی عکاسی ہے۔بزم ریاض معاشرے میں مثبت سوچ اور فکر کی ترویج میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔بزم ریاض پاکستان کے زیراہتمام منعقدہ اس رنگا رنگ عید ملن کا اختتام لاہور کے معروف پیروز کیفے میں ہوا جہاں صوفیانہ ماحول میں قوالی کی نشست منعقد ہوئی جو رات دیر گئے جاری رہنے کے بعد شرکائے تقریب کے اعزاز میں پرتکلف عشائیے پر اختتام پذیر ہوئی۔