نئی دہلی۔۔۔محکمہ ریلوے ملک کے 100سے زائد ریلوے اسٹیشنوں پر ایڈوانس ٹیکنالوجی سے لیس اے ٹی ایم کی تنصیب شروع کردی گئی ہے۔ اسکی اطلاع محکمہ کے ایک افسر نے دی ۔
ان واٹر اے ٹی ایم کے ذریعے مسافروں کو کم قیمت پر صاف پانی مل سکے گا۔
انڈین ریلوے ٹورازم اینڈ کیٹرنگ کارپوریشن (آئی آر سی ٹی سی) نے واٹر اے ٹی ایم کی تنصیب کیلئے واٹر ٹیکنالوجی سے منسلک کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ کیا ۔ یہ اے ٹی ایم 14ریاستوں کے 104ریلوے اسٹیشنوں پر منرل واٹر فراہم کریگی۔
ان تمام اسٹیشنوں میں سے 30فیصد بڑے اور مصروف اسٹیشن ہیں جبکہ 70فیصد دیہی علاقوں کے اسٹیشن ہیں۔
ریلوے افسر کے مطابق یہ تجویز 2016ء کے مرکزی بجٹ میں شامل کی گئی تھی ۔ اس کی تنصیب سے ملک بھر میں تقریباً40ہزار ملازمتیں پیدا ہونگی۔واٹر اے ٹی ایم مسافروں کیلئے انتہائی مفید ثابت ہوگی، کم قیمت پر کسی بھی ریلوے اسٹیشن سے آپ بھر سکتے ہیں اور مہنگے داموں پانی خریدنے سے بچ سکیں گے۔