خواتین کی ڈرائیونگ اسٹیٹس کو نہیں ، " ہم کسی سے کم نہیں" کا ثبوت ہے ، امل
جدہ.... آن لائن ٹیکسی سروس میں پہلی سعودی خاتون ڈرائیور امل کا کہنا ہے کہ اسے کریم آن لائن سروس جوائن کرکے بے حد خوشی ہو رہی ہے ۔ امل نے عکاظ اخبار سے گفتگوکرتے ہوئے مزید کہا کہ اگرچہ وہ امور صحت میں ماسٹرز کئے ہوئے ہے اور کوالٹی کنٹرول کمپنی کی مالکہ ہے اس کے باوجود آن لائن ٹیکسی سروس میں شمولیت کی بنیادی وجہ اس احساس کو معاشرے تک پہنچانا ہے کہ سعودی خواتین بھی کسی سے کم نہیں ۔ ہم ہر وہ کام کر سکتی ہیں جو دیگر قوموں کی خواتین انجام دے سکتی ہیں ۔ امل نے مزید کہا کہ سعودی خواتین کا ڈرائیونگ کرنا محض اسٹیٹس کو نہیں بلکہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم کسی سے کم نہیں ۔ آن لائن ٹیکسی سروس کے حوالے سے امل کا کہنا تھا کہ کیونکہ وہ خود خاتون ہے اور اسے اچھی طرح معلوم ہے کہ خواتین کو گاڑی میں کن مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس لئے یہ سروس اختیار کی تاکہ خواتین کو انکی منزل تک پہنچانے کےلئے بہتر طور پرخدمت فراہم کر سکوں ۔ مجھے علم ہے کہ خواتین کو تیز رفتار گاڑی میں بیٹھنے سے کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے علاوہ ازیں جہاں اسپیڈ بریکر آتا ہے وہاں میں گاڑی کی رفتار کو انتہائی حد تک کم کر دیتی ہوں کیونکہ میں خود ایک عورت ہوں اور مجھے ان نزاکتوں کا احساس ہے جس سے کوئی بھی خاتون گزرتی ہے ۔ امل کا کہنا تھا کہ جب خواتین کسی ٹیکسی میں سفر کر رہی ہوں اور اسکی ڈرائیور بھی خاتون ہو تو ان میں فوری طور پر ہم آہنگی پیدا ہو جاتی ہے جس سے سفر آسان ہو جاتاہے ۔ کسی بھی غیر معمولی صورت کے سوال پر امل کا کہنا تھا کہ کمپنی کی جانب سے مخصوص نمبر ہمارے پاس ہو تا ہے جس پر فورا اطلاع کی جاتی ہے اور کمپنی کی انتظامیہ فوری طور پر حرکت میں آجاتی ہے ۔ امل کا کہنا تھا کہ ایسے مقامات جہاں ہمیں جانے میں دشواری ہو تی ہوہم وہ آرڈر کینسل کر نے کا اختیار رکھتے ہیں علاوہ ازیں اگر کسی سواری کودرمیان میں ہمیں دوسرے ڈرائیور کو دینا ہو تو وہ بھی ممکن ہے ۔