18000ہزار شامی عازمین کی ویزہ کارروائی مکمل
جدہ ... وزارت حج و عمرہ نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب نے کسی بھی شامی عازم حج کو 5ویں رکن کی ادائیگی سے با ز نہیں رکھا۔ اس کے برعکس میڈیا میں جو دعوے کئے جارہے ہیں وہ سراسر غلط ہیں۔ سعودی عرب کی غیر متزلزل پالیسی یہ ہے کہ کسی بھی مسلمان کو وہ شامی ہو یا کسی اور ملک کا ہو، حج اور عمرہ کی ادائیگی سے نہیں روکا جاتا۔ سعودی عرب ہر سال دنیا کے تمام علاقوں سے مختلف قومیتوں ، فرقوں ، مسلکوں اور نسلوں سے تعلق رکھنے والے لاکھوں ضیوف الرحمان کا خیر مقدم کرتا ہے اور انہیں حج و عمرے کی ادائیگی کے لئے مطلوبہ سہولتیں اور خدمات بھی مہیا کرتا ہے۔ وزارت حج نے توجہ دلائی کہ شامی عازمین امسال بھی حج پر آئیں گے۔ اب تک 18ہزار عازمین کی ویزہ کارروائی خصوصی دفتر کے توسط سے مکمل کردی گئی ہے۔ ان کے ہمراہ طبی اور انتظامی عملے کے 850افراد بھی ہونگے۔80سے زیادہ ممالک کے عازمین کی کارروائی متعلقہ ممالک کے حج اداروں کے اشتراک و تعاون سے انجام دی جارہی ہے۔ تقریباً20لاکھ عازمین امسال فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے ارض مقدس پہنچیں گے۔