آج سے نیا میڈیکل انشورنس پیکیج نافذ
جدہ .... کوآپریٹو ہیلتھ انشورنس کونسل نے واضح کیا ہے کہ یکم جولائی 2018ءاتوار سے نیا مشترکہ میڈیکل پیکیج نافذ کردیا جائیگا۔ سیکریٹری جنرل محمد الحسین نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ آج کے بعد سابقہ کوئی بھی پیکیج ناقابل قبول ہوگا۔ تمام ہیلتھ انشورنس کمپنیوں کو اس امر سے آگاہ کردیا گیا ہے کہ انہیں نئے پیکیج کے تحت آنے والی جملہ ذمہ داریاں پوری کرنا ہونگی۔ الحسین نے بتایا کہ ہیلتھ انشورنس پیکیج 5لاکھ ریال تک کو کور کریگا۔ اسکے بموجب صارفین کو بہت سارے فوائد حاصل ہونگے۔ طبی معائنے، امراض کی تشخیص، علاج ، دوائیں ، اسپتال میں قیام ، آپریشن، ون ڈے آپریشن اور یک روزہ علاج کی جملہ سہولتیں صارفین کو فراہم کرنا ہونگی۔ دانتوں کے امراض کا علاج ، منہ میں چھالے اور دانتوں کی صفائی بھی پیکیج کا حصہ ہوگی۔ بچوں کیلئے آر ایس وی کا علاج بھی پیکیج کا حصہ ہوگا۔ سمعی معذوری کے قبل از وقت معائنے کا اہتمام بھی اس میں شامل ہوگا۔ نومولود کے دل میں پیدائشی خرابی کی اصلاح و علاج بھی دستاویز کا حصہ ہے۔