Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمان میں پاکستانی کمیونٹی کے اعزاز میں عشائیہ

عمانی شخصیات کے علاوہ سرکردہ پاکستانیوں کی بڑی تعدادمدعو، فاسٹ بولر محمد عرفان نے خصوصی شرکت کی
مروت احمد ۔ مسقط
 سلطنتِ عمان میں علم دوست پاکستانی صنعتکار چو ہدری محمد اسلم آف صحار کی جانب سے امسال بھی صحار کے ایک مقامی ہوٹل میں  عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس کے مہمان خصوصی صحار انڈسٹریل اسٹیٹ کے ڈائریکٹر جنرل تھے جبکہ مہمان اعزازی عمانی وزارت اوقاف و دینی امور کے شمالی باطنہ ریجن کے ایک اعلی عہدیدار تھے۔ اس پُروقار ضیافت میں دیگر کئی اہم عمانی شخصیات کے علاوہ سرکردہ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی جن میں پاکستان سوشل کلب عمان کے چیئرمین میاں محمد منیر،سابق چیئرمین اخمت حیات راجہ ، پاکستان اسکولز سسٹم عمان کی مجلس منتظمہ کے چیئرمین عبدالاحداور برکا میں مقیم پاکستانی بزنسمین حاجی محمد بوٹا بھی شامل تھے۔
    کاروائی کا آغاز فہد نواز چیمہ نے تلاوت قرآن مجید سے کیا جس کے بعد معروف شاعر، ا دیب اور پاکستان سوشل کلب عمان کے ڈائرکٹر قمر ریاض نے اپنی نعت شریف پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔بعد ازاں انہوں نے میزبان تقریب چوہدری محمد اسلم، جن کو پاکستان اسکول صحار کے بانی ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے، کی شمالی باطنہ ریجن میں بسنے والے ہموطنوں کی فلاح و بہبود کیلئے پچھلے4 عشروں پر محیط گراں قدر اور بے لوث خدمات کو سراہتے ہو ئے ان کو خراج تحسین پیش کیا ۔
     چوہدری محمد اسلم نے عمانی عما ئدین اور دیگر جملہ مہمانوںکو خوش آمدید کہا اور عشائیے میں ان کی شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ وہ ان شااﷲ آئندہ بھی قومی خدمات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ اس کے بعد مہمان خصوصی، مہمان اعزازی اور کچھ دیگر مہمانوں کو یادگاری نشانات پیش کئے گئے۔ آخر میں تمام مہمانوں کی عشائیے سے تواضع کی گئی، جس کی انتظامی معاونت چوہدری محمد شہزاد اسلم او رزائد زمان نے کی ۔
    چوہدری محمد اسلم نے صحار میں منعقدہ رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں خصوصی مہمان کے طور پر شرکت کی ۔مسقط میں کھیلے گئے پی ایس سی رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ، جس میں ہماری قومی کرکٹ ٹیم کے عالمی شہرت یافتہ فاسٹ بولر محمد عرفان نے خصوصی شرکت کی، میں چوہدری محمد اسلم کو بطور مہمان اعزازی مدعو کیا گیا۔
مزید پڑھیں:- - - - - -پاکستانی مینگو فیسٹیول 2018 کی تمام تیاریاں مکمل

شیئر: