آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن کا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ
جمعرات 5 جولائی 2018 3:00
دبئی:16سال تک انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں مختلف عہدوں پر خدمات انجام دینے کے بعد چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے آئندہ برس ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد اپنا عہد ہ چھوڑنے کا اعلان کردیا۔نیوزی لینڈ کے سابق وکٹ کیپر ڈیوڈ رچرڈسن 2002 میں بطور جنرل منیجر آئی سی سی گورننگ باڈی کا حصہ بنے تھے اور 2012ءمیں ہارون لورگاٹ کے مستعفی ہونے کے بعد وہ گزشتہ 6برس سے بحیثیت چیف ایگزیکٹو کرکٹ کی عالمی تنظیم میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔انہیں 42 ٹیسٹ اور 122 ون ڈے میچوں میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔اپنے فیصلے کے حوالے سے اعلان میں رچرڈسن نے کہا کہ میں گزشتہ 16 برس سے آئی سی سی کے ساتھ اپنے کام سے لطف اندوز ہو رہا ہوں اور کیریئر کے دوران آئی سی سی بورڈ اراکین نے بہت تعاون کیا جس پر ان کا مشکور ہوں۔انہوں نے کہا کہ کرکٹر ہونے کی حیثیت سے جانتا ہوں کہ ریٹائرمنٹ کے وقت کا تعین کرنا سب سے مشکل کام ہے اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ ورلڈ کپ کے بعد اس عہدے کو چھوڑ دینا صحیح وقت ہو گا۔کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی کے چیئرمین ششانک منوہر نے آئی سی سی بورڈ کی جانب سے تنظیم کےلئے خدمات پر رچرڈسن کا شکریہ ادا کیا۔ششانک منوہر نے کہا کہ رچرڈسن نے دنیا بھر میں کرکٹ کی ترقی کیلئے جو کام کیا وہ قابل ستائش ہے۔