دنیا میں کرکٹ شائقین کی تعداد ایک ارب
دبئی:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق دنیا بھر میں ایک ارب سے زائد کرکٹ شائقین موجود ہیں ان میں زیادہ تعداد میں مرد شائقین کی ہے جن کی اوسط عمر34 برس ہے۔ سروے میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ کرکٹ کے90فیصد شائقین کا تعلق جنوبی ایشیا سے ہے اور ان میں اس میں 39 فیصد خواتین ہیں۔ دوسری جانب تمام اندازوں کے برعکس یہ بھی پتہ چلا ہے کہ روایتی ٹیسٹ فارمیٹ بدستور سب سے مقبول اور اس میں 70 فیصد شائقین دلچسپی لیتے ہیں۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ یہ اس کی جانب سے کرایا جانے والا اپنی نوعیت کا سب سے بڑا سروے تھا جس میں دنیا بھر سے شائقین کے انٹرویو لئے گئے جن کی عمریں 16 سے 69 برس کے درمیان تھیں۔ چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن نے کہاکہ سروے سے ظاہر ہو گیاکہ تینوں فارمیٹس پر توجہ برقرار رکھنے کی ضرورت ہے، ہمیں پوری امید ہے کہ آئندہ برس جولائی سے شروع ہونے والی ٹیسٹ چیمپیئن شپ اس کھیل کی مقبولیت میں مزید اضافہ کرے گی۔