مودی کی بلٹ ٹرین نہیں میجک ٹرین ہے،راہول
جمعرات 5 جولائی 2018 3:00
امیٹھی۔۔۔۔راہول گاندھی نے امیٹھی کے دورے پر فرصت گنج میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی ، بی جے پی اور آر ایس ایس پر کھل کر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ کسان، نوجوان اور ملک آج کہاں ہیں؟ہندوستان کے سامنے 3بڑے چیلنجز ہیں۔ بے روزگاری، کسانوں کی حالت زار اور مہنگائی۔ بے روزگاری ختم ہوجائیگی تو مہنگائی کم ہوجائیگی۔راہول نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مودی نے ہندوستان کی پوری رقم 5،10بڑے صنعتکاروں کے ہاتھ میں دیدی ہے۔انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مودی جی نے ایس ٹی اور نوٹ بندی سے آپ کی جیب کا پیسہ وجے مالیہ اور نیرومودی کو دیدیااورکسانوں کو صفر کردیا۔کانگریس صدر نے کہا کہ گجرات میں بلٹ ٹرین بن رہی ہے۔ وہ بلیٹ ٹرین نہیں بلکہ میجک ٹرین ہے جو کبھی تیار ہونے والی نہیں۔ وہ ٹرین کانگریس کی حکومت میں بنے گی۔راہول نے فوج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چین نے لداخ میں فوج داخل کردی ، ڈوکلام میں دراندازی کی لیکن مودی جی نے ایک لفظ نہیں کہا۔راہول گاندھی نے نوجوانوں اور پارٹی کارکنوں کو براہ راست ہائی کمان سے جوڑنے کیلئے شکتی پروجیکٹ ایپ کا آغاز کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس ایپ کے ذریعے براہ راست پارٹی، کارکنوں سے رابطے میں رہے گی۔راہول نے کہا کہ کارکنوں کو اس نمبر 9702199911پر اپنا ووٹر شناختی کارڈ ایس ایم ایس کرکے رجسٹریشن کرانا ہوگاجس کے بعد کارکن براہ راست پارٹی ہائی کمان سے منسلک ہوجائیں گے۔