پاکستان نے نمبر ون پوزیشن بھی بچالی، آسٹریلیا کو شکست
ہرارے:سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل سے قبل اہم میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 45رنز سے شکست دےدی اورنمبر ون پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیابی حاصل کرلی۔اوپنر فخر زمان اور مڈل آرڈر بیٹسمین آصف علی نے عمدہ بیٹنگ اور شاہین آفریدی نے نپی تلی بولنگ کی۔ پاکستان نے آسٹریلیا کو195رنز کا ہدف دیا جواب میں آسٹریلیا مقررہ20اوورز میں149رنز بنا سکی۔ پاکستانی ٹیم کی پر اعتماد بیٹنگ اور عمدہ بولنگ کے نتیجے میں آسٹریلوی بیٹسمین کسی مرحلے پرہدف تک رسائی کے حوالے سے کامیاب ہوتے نظر نہیں آئے۔ سیریز میں ناقابل شکست رہنے کی صورت میں آسٹریلیا پاکستان سے پہلی پوزیشن چھین سکتا تھا۔ آسٹریلوی کپتان ا یرون فنچ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔فخر زمان اور حارث سہیل نے اننگز کا آغاز کیا 8 کے مجموعی اسکور پر حارث سہیل کوئی رن بنائے بغیر آوٹ ہو گئے تاہم حسین طلعت اور فخر زمان نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 72 رنز بناکر صورتحال بہتر بنا دی ، مجموعی اسکور 80 رنز تک پہنچا تو حسین طلعت میکسویل کی گیند پر بولڈ ہوگئے ، وہ ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 25 گیندوں پر 30 رنز بناسکے۔ ان کے بعد آنے والے کپتان سرفراز احمد پھر بڑا اسکور نہیں کر پائے اور 14 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے۔ آسٹریلوی بولرز کے سامنے ڈٹ جانے والے فخر زمان 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد اسٹوئنز کی گیند پر کیچ ہوگئے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 42 گیندوں پر 3 چھکے اور 9 چوکے بھی لگائے۔اس کے بعد شعیب ملک نے 27 جبکہ آصف علی نے 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 18 گیندوں پر 37 رنز کی شاندار ناٹ آوٹ اننگز کھیل کر مجموعی اسکور کو 194 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ فہیم اشرف کوئی رن نہیں بناسکے شاداب خان نے 7رنز اسکور کئے ۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایشٹن اگر اور اینڈریو ٹائے نے 2،2 جبکہ گلین میکسویل اور اسٹوئنز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا کوئی بیٹسمین بڑی اننگز نہیں کھیل سکا۔ ایلکس کیری ٹاپ سکورر رہے جنھوں نے 37 رنز بنائے جبکہ اوپنر شارٹ نے 28 رنز بنائے ۔سیریز کے تمام میچوںمیںبہترین بیٹنگ کرنے والے کپتان ایرون فنچ 16 رنز پرآوٹ ہوگئے۔ان کی اہم وکٹ شاہین آفریدی کے حصے میں آئی۔ اس کے بعد فہیم اشرف نے ٹریوس ہیڈ کو بھی جلدبولڈ کر دیا۔ایلکس کیری نے37 رنز اور آرکی شارٹ نے 28 رنز بناتے ہوئے کچھ مزاحمت کی ۔ گلین میکسویل 10، ٹریوس ہیڈ 7، نک میڈنسن 5 اور مارکس اسٹوئنز 16 رنز بنائے۔اینڈریو ٹائے12رنز بنا کر ایلکس کیری کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ آسٹریلوی ٹیم 7 وکٹوں پر 149 رنز بناسکی اور اسے45رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3، محمد عامر، عثمان خان شنواری، شاداب خان اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔فخر زمان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔