سعودی عرب میں منفرد صلاحیتوں کے حامل 685 غیرملکیوں کےلیے پریمیئر اقامہ
منفرد اقامہ سینٹر کی جانب سے 7 پروگرام جاری کیے گئے۔ (فوٹو اخبار 24)
سعودی دارالحکومت ریاض میں جاری لیپ 25 میں وزارت انفارمیشن اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے بتایا گیا کہ اب تک 685 افراد کو منفرد صلاحیتوں کےعنوان سےاقامہ ممیزہ ( پریمیئر ریذیڈینسی) جاری کیا جاچکا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ان افراد کو فنی شعبے میں غیرمعمولی صلاحیت رکھنے کی وجہ سے منفرد اقامہ جاری کیا گیا ہے۔
العربیہ کے مطابق منفرد اقامہ سینٹر کے ترجمان غنام الغنام نے بتایا ’منفرد اقامہ سینٹر کی جانب سے 7 پروگرام جاری کیے گئے ہیں جن کا مقصد غیرمعمولی صلاحیت رکھنے والوں کو منفرد اقامہ جاری کرنا ہے۔‘
ترجمان کا مزید کہنا تھا ’ منفرد اقامہ پروگرام کا آغاز سال 2019 میں کیا گیا تھا جس کے تحت پہلی بار دو کیٹگری متعارف کرائی گئی تھی۔ پہلی کیٹگری ایک سال کا اقامہ تھا جو قابلِ تجدید ہے جبکہ دوسری کیٹگری دائمی اقامہ ہے۔
بعدازاں سال 2024 میں مزید 5 کیٹگریز متعارف کرائی گئیں جس کا مقصد مختلف شعبوں میں مثالی خدمات انجام دینے والوں کو منفرد اقامہ جاری کرنا ہے۔
جن شعبوں میں اقامہ ممیزہ جاری کیا گیا ان میں سرفہرست فائیوجی ٹیکنالوجی ہے جس میں 16 فیصد منفرد اقامہ جاری ہوئے بعدازاں کلاوڈ کمپیوٹنگ کے ماہرین دوسرے نمبر پر رہے جن کا تناسب 15 فیصد اور مصنوعی ذہانت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے 12 فیصد افراد کو اقامہ ممیزہ جاری کیا گیا۔
منفرد اقامہ حاصل کرنے والوں کا تعلق پاکستان، امریکہ، برطانیہ ، برازیل، مصر، جرمنی، انڈیا و دیگر ممالک سے ہے جنہیں مختلف شعبوں میں حاصل ہونے والی مہارت اور انفرادیت کی وجہ سے یہ اقامہ جاری کیا جاچکا ہے۔