احتساب عدالت کے فیصلے نے پاکستان میں نئی تاریخ رقم کر دی ، فرخ رشید
آئندہ انتخابات میں تارکین کا ووٹ انتہائی اہم ہو گا ،ایگزیکٹوممبر مینجمنٹ کمیٹی پی ٹی آئی مڈل ایسٹ
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پاکستان تحریک انصاف سعودی عرب کے سینئر رہنما فرخ رشید کا کہنا ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس کیس کے حوالے سے احتساب عدالت کا فیصلہ قوم کی آواز ہی نہیں بلکہ برسوں کی فریاد تھی جس نے آج حقیقت کا روپ دھارا ہے ۔اس تاریخی فیصلے کے بعد اب امید ہو چکی کہ پاکستان اور قوم کی تقدیر بدلنے والی ہے ۔ اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایگزیکٹوممبر مینجمنٹ کمیٹی پی ٹی آئی مڈل ایسٹ نے مزید کہا اس اہم اور تاریخی فیصلے پر ہم رب تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں اور اس اہم موقع پر اپنی او ر پارٹی کی جانب سے تمام ہم وطنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ وہ دن ہے جو پاکستان کی تاریخ میں سنہری الفاظ سے لکھا جائے گا۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا کہ ملک کے ایک انتہائی طاقتور مجرم خاندان کو سزا ہوئی ۔ فیصلے کے حوالے سے فرخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ قوم کو آئندہ انتخابات میں ملک کی قیادت منتخب کرنے میں آسانی ہو گی اور اس مرتبہ بغیر کسی ابہام کے وہ بے ایمان قیادت کو مسترد کرکے صاف و شفاف قیادت کا انتخاب کر سکیں گے۔ فرخ نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ25 جولائی کو ہمیں قومی شعوراور احساس ذمہ داری کا ثبوت پیش کرتے ہوئے حقیقی نمائندوں کو منتخب کرنا ہے کیونکہ اب ملک و قوم مزید بگاڑ کی متحمل نہیں ہو سکتی ۔ ابھی بھی بہت وقت برباد ہو چکا ہے ۔ ووٹ قوم کی امانت ہے اور دیانتداری کا تقاضہ ہے کہ امانت اسکے حقدار کو دی جائے ۔ ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے کہ ملک کو کرپٹ مافیا سے ہمیشہ کے لیے نجات دلانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ آخر میں انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب اور پوری دنیا سے سمندر پار پاکستانی انتخابات میں عملی طور پر حصہ لینے کے لئے پاکستان پہنچنا شروع ہو گئے ہیں اور انشاءاللہ الیکشن 2018 میں سمندر پار پاکستانیوں کا واضح کردار نظر آئے۔