منابجرنگی کے قتل کی خبر سے خوشی ہوئی ، الکارائے
لکھنؤ - - - - بی جے پی کی ممبر اسمبلی اور سابق بی جے پی ممبر اسمبلی اور مافیا ڈان کرشنا نند رائے کی بیوہ الکا رائے نے کل یہاں منا بجرنگی کے قتل پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ میرے شوہر کا بدلہ آج جیل میں مافیا ڈان سنیل راٹھی نے لے لیا۔ انھوںنے کہا کہ منا بجرنگی کے قتل کے بعد مجھے سکون ملا ہے کیونکہ اس شخص نے میرے شوہر اور ان کے6 ساتھیوں کو اے کے 47رائفل سے بھون دیا تھا۔ الکا رائے اس وقت ضلع غازی پور کے محمد آباد اسمبلی حلقے سے بی جے پی کی رکن اسمبلی ہیں۔ ان کا یہ بھی الزام ہے کہ منا بجرنگی کے سالے کا جب قتل ہوا تھا تو اس نے میرے بیٹے کو اس میں پھنسایا تھا۔ واضح رہے کہ منا بجرنگی کو کل باغپت جیل میں سنیل راٹھی نامی شوٹر نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔جب اسے پکڑا گیا اور اس سے پوچھ گچھ ہوئی کہ جیل میں یہ اسلحہ کیسے ملا تو اس نے یہ بتانے سے انکار کردیااور کہا کہ اسلحہ میں نے گٹر میں پھینک دیا۔ آج سے تقریباً دس روز قبل منا بجرنگی کی بیوی نے وزیراعلیٰ سے لے کر اعلیٰ پولیس افسران تک کو یہ درخواست دی تھی کہ جیل میں میرے شوہر کی زندگی کو خطرہ ہے لیکن کسی نے اس پر توجہ نہیں دی اور صبح اسے قتل کردیا گیا۔