پاکستانی وزیر مذہبی امور کی وائس چیئرمین موسسہ جنوب ایشیا سے ملاقات
مدینہ منورہ .... نگراں وفاقی وزیر مذہبی امورمحمد یوسف شیخ حج انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے سعودی عرب میں موجود ہیں۔ عازمینِ حج کو اپنی پرواز سے دو دن قبل حاجی کیمپ پہنچنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں جہاں سے پاسپورٹ ، ٹکٹ اور گلے کے لاکٹ فراہم کئے جائیں گے۔ دوسری طرف سعودی عرب میں نگراں وفاقی وزیر محمد یوسف شیخ نے حج انتظامات اور سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے مختلف ملاقاتیں کیں۔ وفاقی وزیر نے ڈائریکٹر جنرل حج ڈاکٹر ساجد یوسفانی کے ہمراہ وائس چیئرمین موسسہ جنوب ایشیا سے حج انتظامات پر تفصیلی بات چیت کی۔ وفاقی وزیر نے پاکستانی حجاج کے لئے مشاعر مقدسہ میں معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال حج گرمیوں کی موسم میں آرہا ہے لہٰذا مشاعر میں کولنگ سسٹم بہت اچھا ہونا چاہئے۔ انہوں نے پاکستانی حاجیوں کو مشاعرمیں آنے جانے کیلئے بسوں اور ٹرین کی سہولت کے بارے میں مختلف سوالات کئے اور کہا کہ پاکستانی حجاج کے مکاتب منیٰ کے قریب اور ٹرین کے ا سٹیشنوں کے نزدیک ہونے چاہئیں۔ وائس چیئرمین موسسہ کا کہنا تھا کہ اس سال ہر مکتب کی روانگی کے مخصوص اوقات ہونگے جن پر سختی سے عمل کروایا جائے گا۔ منیٰ کے خیموں میں کولنگ کا نظام بہترین ہوگا۔ پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کی منیٰ میں مکمل نگرانی ہوگی۔ رواں برس پورا حج ای سسٹم کے تحت ہوگا۔ وفاقی وزیر نے دفتر امور حجاج پاکستان کے دیگر افسران کے ہمراہ مختلف رہائش ،کیٹرنگ کمپنیوں کے کچن کا دورہ کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔