ورلڈ اسنوکر: پاکستانی کیوئسٹ کا سفر تمام
بیجنگ: آئی بی ایف ایف ورلڈ انڈر 21 اسنوکر چیمپیئن شپ میں پاکستانی کھلاڑی اپنے میچز مکمل چکے ہیں، حارث طاہر پری کوارٹر فائنل اور محمد نسیم لاسٹ 32 راونڈ میچ میں شکستوں کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئے۔ چین میں جاری میگا چیمپیئن شپ میں کھیلے گئے لاسٹ 32 راونڈ میچ میں پاکستانی کیوئسٹ حارث طاہر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ایرانی کیوئسٹ مہران ارشادی کو سخت مقابلے کے بعد 3-4 فریمز سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تاہم پری کوارٹر فائنل میں حارث کو چینی کیوئسٹ وو وائز کے ہاتھوں 1-4 فریمز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کے محمد نسیم کو لاسٹ 32 راونڈ میچ میں ہانگ کانگ کے کیوئسٹ چیونگ کا وائی کے ہاتھوں 3-4 فریمز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان کا میگا ایونٹ میں ٹائٹل جیتنے کا خواب ادھورا رہ گیا۔ واضح رہے کہ ایونٹ میں شریک تیسرے پاکستانی کیوئسٹ محمد عمر خان ناک آوٹ مرحلے سے ہی باہر ہوگئے تھے۔