پی آئی اے کے ملازم قومی کھلاڑی بھی انتخابی ڈیوٹیوں پر طلب
جمعرات 12 جولائی 2018 3:00
کراچی: پاکستان کی قومی فضائی کمپنی نے ملازم قومی کھلاڑیوں کو انتخابی ڈیوٹی پر طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے متعلقہ شعبے کی جانب سے ایک سرکلر جاری کیا گیا ہے جس میں مختلف کھیلوں سے تعلق رکھنے والے 32 کھلاڑیوں کو بھی دیگر ملازمین کے ساتھ انتخابی ڈیوٹی ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سرکلر کے مطابق حکم پر عمل نہ کرنے والے کھلاڑیوں کو اظہار وجوہ، سزا اور جرمانے کا سامنا بھی ہو سکتا ہے۔ نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ان کھلاڑیوں میں پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر اولمپئن قمر ابراہیم، قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی وقاص اکبر، سابق قومی کپتان اولمپئن اختر رسول کے بیٹے حسن اختر، کرکٹر حنیف محمد کے پوتے اور اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی جنرل منیجر و سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد کے بیٹے شہزر محمد، اعزاز چیمہ، آغا صابر، طاہر خان، شہریار غنی، فضل اکبر، شعیب خان، انٹرنیشنل فٹبالر شاکر لاشاری، جبار سینئر، جبار جونیئر، حاجی محمد اور دیگر شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پی آئی اے سے منسلک سابق ٹیسٹ کپتان وسیم اکرم، معین خان قومی کپتان سرفراز احمد، فیصل اقبال ،انورعلی، اولمپئین شاہد علی خان، اولمپئین کامران اشرف کو الیکشن ڈیوٹی سے مستثنا قرار دیا گیا ہے۔