کانگریس کی نیندیں اڑ گئیں، مودی
جمعرات 12 جولائی 2018 3:00
ملوٹ۔۔۔۔پنجاب کے ضلع مکتسر میں کسان کلیان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اس نے تقریباً70سالہ دور اقتدار میں کسانوں کو صرف ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا لیکن بی جے پی حکومت میں کسان چین کی نیند سورہے ہیں ۔وزیر اعظم نے کہا کہ انکی حکومت نے کسانوں کیلئے فلاحی اسکیمیں شروع کررکھی ہیں جن سے پنجاب ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے کسان مستفید ہورہے ہیں جن سے کانگریس اور اس کے اتحادی جماعتوں کی نیندیں اڑ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب نے ہمیشہ پہلے ملک کی فکر کی ۔ گزشتہ 4برسوں کے دوران کسانوں نے ریکارڈ غلہ پیدا کرکے اناج کے ذخائر بھر دیئے۔ اس پرانہیں سیلوٹ پیش کرتا ہوں۔مودی نے کہا کہ کسانوں کی فصل کو محفوظ بنانے کیلئے’’ سمپدا یوجنا‘‘جاری کی اور ملک بھر میں نئے گوداموں کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے۔ حکومت گاؤں اور کسان کے وقار اور تحفظ کی خاطر تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔