سعودی ریلوے ’سار‘ نے اطالوی وزیراعظم کے دورہ مملکت کے موقع پر مجوزہ مشرق وسطی کی پہلی فائیو سٹار لگژری ٹرین کے حتمی ڈیزائن جاری کیے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق اٹلی کی کمپنی ’ارسینالی‘ کے تعاون سے بنائی جانے والی لگژری ٹرین جسے ’ڈیزرٹ ڈریم‘ کا نام دیا گیا ہے میں سعودی عرب کی ثقافت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
لگژری ٹرین میں سعودی عرب کے صحرائی مناظر کو مختلف رنگوں کے ذریعے پیش کیا گیا ہے۔
حتمی ڈیزائن میں ٹرین کے ڈبوں میں بھی مملکت کے مختلف مقامات کی عکاسی کی گئی ہے جن میں مدائن صالح، العلا، حائل اوردیگر قدیم مقامات شامل ہیں جن کا مقصد سیاحوں کو ان تاریخی مقامات کے بارے میں جامع معلومات مہیا کرنا ہے۔
ڈیزرٹ ڈریم کے 14 ڈبے ہوں گے جن میں 34 لگژری سوئٹس شامل ہیں جو مسافروں کو معیاری اور سفر کی اعلی سہولتیں فراہم کریں گے۔
ٹرین میں مسافروں کے لیے فرسٹ کلاس ریستوران کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی جہاں مقامی اورعالمی شیف خدمات انجام دیں گے۔
دریں اثنا ارسینالی گروپ کے سی ای او کا کہنا تھا ’ڈیزرٹ ڈریم‘ ٹرین کا ہدف مسافروں کو ایک ایسا یادگار سفر کی تجربہ کرانا ہے جو وہ کبھی فراموش نہ کرسکیں۔