کنٹاس کے طیارے میں ڈاکٹر اور کیبن کریو کی لڑائی
ایڈیلیڈ، آسٹریلیا.... کنٹاس ایئرلائنز کے طیارے میں سفر کرنے والے افراد کو اس وقت سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب طیارے پر سوار ایک ڈاکٹر اور کیبن کریو میں مارپیٹ شروع ہوگئی۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ دونوں ہی ایک ایسی خاتون کی جان بچانے کے مسئلے پر پہلے آپس میں الجھے اور لڑپڑے۔ جو صبح سویرے ہی فوت ہوچکی تھی اور طیارہ اسی کی نعش لیکر ایمرجنسی لینڈنگ کرنے کیلئے اتر رہا تھا۔ یہ طیارہ جو لندن سے سڈنی کیلئے روانہ ہوا تھا۔ آخر کار ایڈیلیڈ ایئرپورٹ پر اترگیا۔ عینی شاہدین کاکہناہے کہ یہ واقعہ رات 3بجے پیش آیا ۔ مرنے والی عورت کا تعلق نیو ساﺅتھ ویلز سے بتایا جاتا ہے۔ یہ واقعہ کنٹاس ایئر کے طیارے A380 میں پیش آیا جو اڑان سے قبل سنگاپور ایئرپورٹ پر کچھ دیر کیلئے اترا تھا۔ واقعہ کے وقت طیارے پر 2ایسے مسافر بھی سوار تھے جنہوں نے میڈیکل کی تربیت حاصل کررکھی تھی۔ انہوں نے بھی خاتون کی جان بچانے کی بیحد کوشش کی مگر کامیاب نہ ہوسکے۔