لاہور: مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیرا عظم نواز شریف اپنی بیٹی مریم نواز کے ساتھ آج لاہور پہنچیں گے جہاں نیب کی ٹیم انہیں گرفتار کرنے کی تیاریاں مکمل کر چکی ہے۔ دوسری جانب لاہور شہر سمیت ملک کے مختلف شہروں میں لیگی کارکنوں کی پکڑدھکڑ کا سلسلہ جاری ہے جب کہ لاہور جانے والے تمام راستوں کو بند کردیا گیا ہے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کی لاہورآمد سے قبل پولیس نے لیگی کارکنوں کے گھر چھاپے مارنے کے ساتھ کارکنوں کی پکڑدھکڑ کا سلسلہ شروع کردیا ہے ۔ قبل ازیں مسلم لیگ (ن) نے نوازشریف کے استقبال کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے ۔ شہباز شریف لوہاری گیٹ سے قافلے کی صورت میں لاہور ائرپورٹ جائیں گے جب کہ (ن) لیگ کے انتخابی امیدوار مال روڈ اور ریگل چوک پر مرکزی جلوس میں شامل ہوں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے نواز شریف کا استقبال کرنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگوں کو باہر نکالنے کا ٹاسک دے دیا ہے۔
دریں اثنا لاہور کے کئی علاقوں میں موبائل فون سروس معطل کردی گئی ہے ۔ جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے حکام کا کہنا ہے کہ موبائل فون سروس سیکورتی حکام کی جانب سے نقض امن کے خدشے کے پیش نظر معطل کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں نوازشریف اور مریم نواز کی وطن واپسی کے موقع پر ناخوشگوار واقعہ ہونے کے خدشے کے پیش نظر لاہور کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔ محکمہ صحت پنجاب نے اسپتالوں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ ادویات اور خون کی وافرمقدارمیں دستیابی یقینی بنائی جائے ۔