زمبابوے کو پہلے ون ڈے میں 201رنز سے شکست
بولا وائیو:5 ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے بولرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت میزبان زمبابوے کو 201رنز کے واضح فرق سے شکست دے کر سیریزمیں0-1کی برتری حاصل کرلی۔سنچری میکر امام الحق نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 128رنز بنائے اور مین آف دی میچ رہے ۔ پاکستان نے دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اوپنرز امام الحق کی سنچری،فخر زمان اور آصف علی کی عمدہ بیٹنگ کی مدد سے 7وکٹوں کے نقصان پر309رنز کا ہدف دیا تھا۔ جواب میں زمبابوے کی ٹیم107 رنز پر چلتی بنی۔ شاداب خان نے4وکٹیں لے کر میزبان بیٹنگ لائن کی تباہی میں بنیادی کردار ادا کیا۔ پاکستانی اوپنر فخرزمان اور امام الحق نے محتاظ انداز میںاننگز کو آگے بڑھایا اور 133 رنز کی شراکت قائم کرکے اچھے اسکور کی بنیاد بھی رکھ دی۔فخرزمان نے 60 رنز بنائے ،بابر اعظم نے 30 جبکہ شعیب ملک نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔ آصف علی نے اپنے ڈیبیو میچ میں 46 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر اسکور 300سے اوپر لے جانے میں اپنا حصہ ڈالا جس کی بدولت پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے۔ ا وپنر امام الحق نے 128 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔انہوں نے 134گیندوں کا سامنا کیا اور11چوکے لگائے ۔ان کی وکٹ موزرابانی کے حصے میںآئی۔ کپتان سرفراز 13اور شاداب خان2رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ یوں پاکستان ٹیم 8وکٹوں کے نقصان پر308رنز بنا نے میں کامیاب ہوگئی۔زمبابوے کی جانب سے ٹینڈائی چٹارا اور ڈونلڈ ٹیریپانو نے2،2وکٹیں لیں۔ ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کو عثمان شنواری نے ابتدا ہی میں2نقصانات سے دوچار کردیا جب 11رنز پر اس کے 2کھلاڑی آوٹ ہو گئے ۔ تیسری وکٹ کی شراکت میں اسکور میں کچھ اضافہ ہوا لیکن اس کے بعد پہلے فہیم اشرف اور پھر شاداب خان نے زمبابوے کے بیٹسمینوں کو سنبھلنے کا کوئی موقع نہیں دیا اور وکٹیں تواتر سے گرتی گئیں۔ پہلا ون ڈے کھیلنے والے ریان مرے 32رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہتے لیکن دوسری جانب سے کھلاڑی آوٹ ہوتے رہے اور بلیسنگ موزرابانی کے بولڈ ہوتے ہی107 رنز پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی ۔شاداب خان کے طوفانی اسپیل کے دوران 9اوورز میں صرف32رنز بنے اور 4وکٹیں ان کے حصے میں آئیں۔عثمان شنواری اور فہیم اشرف نے2،2جبکہ محمد عامر اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ لی ۔