حج 2018 کا آغاز ، پاک و ہند سے عازمین کی آمد کا سلسلہ شروع
پاکستانی عازمین کا استقبال ڈی جی حج جبکہ سفیر ہند اورقونصل جنرل نے ہم وطن عازمین کو خوش آمدید کہا ، وزارت حج کے عہدیداروں نے عازمین پر پھول نچھاور کئے ،عجوہ کھجوروں اور آب زم زم سے تواضع کی گئی
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) حج سیزن 2018 کا آغاز ہو گیا ۔ پاکستان اور ہندوستان سے عازمین حج کی پروازوں کی جدہ اور مدینہ منورہ آمد شروع ہو چکی ہے ۔وزارت حج کے عہدیداروں نے عازمین پر پھول نچھاور کئے اور ان کی تواضع روایتی قہوے اور عجوہ کھجور سے کی ، آب زم زم بھی عازمین کو پیش کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی عازمین کی پہلی حج پروازpk 7001 کراچی سے 171 عازمین کو لیکر مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ائیر پورٹ پر پہنچی ۔ ڈائریکٹر جنرل حج ساجد یوسفانی نے عازمین حج کے پہلے قافلے کا استقبال کیا۔ انکے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر فاروق رشید،سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن سعودی عرب میں پی آئی اے کنٹری منیجر وقار نصیر، منیجر مدینہ منورہ، محمد ناصر، اسٹیشن منیجر مدینہ، شیراز اسلم کچیلہ سعودی وزارت حج کے مندوبین بھی موجود تھے جنہوں نے عازمین حج کو ارض مقدس آنے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ دوسری حج پرواز اسلام آباد سے pk 741 کے ذریعے 186 عازمین کو لیکر جدہ کے کنگ عبدالعزیز ائیر پورٹ کے حج ٹرمینل پر پہنچی ۔دوسری پرواز کا استقبال پاکستان قونصلیٹ کے افسران جن میں ڈائریکٹر حج محمدامتیاز، منسٹر کوآرڈینیشن جاوید رفیق ، قونصل فوزیہ وسیم، قونصل عاطف ڈار نے کیا اور پہلے چند عازمین کو ارض مقدس آمد پر گلدستے پیش کئے گئے ۔ اس موقع پر سعودی ڈپٹی حج عبداللہ الفتاح ، چیئرمین موسسہ ڈاکٹر رافع بدر،چیئرمین مکتب الوکلاءڈاکٹر فاروق بخاری، ڈی جی حج عمرہ مروان سلیمانی اور دیگر سعودی حکام بھی موجود تھے۔اس موقع پر حجاج کرام کوسعودی حکام کی جانب سے آب زمزم، کھجوریں اور جائے نماز پیش کی گئی۔ ایئرپورٹ پر بس سینڈیکیٹ کے نمائندے بھی موجود تھے ۔ عازمین کو امیگریشن اور کسٹم کے معاملات سے فارغ ہو نے کے بعد مکہ مکرمہ کےلئے روانہ کر دیا گیا جبکہ مدینہ منورہ براہ راست آنے والے عازمین کو انکی رہائش پر پہنچایا گیا ۔ واضح رہے کہ امسال2لاکھ 10ہزار184 پاکستانی عازمین 450 سے زائد پروازوں کے ذریعے فریضہ حج کی ادائیگی کےلئے سعودی عرب پہنچیں گے ۔ حج آپریشن کو کامیاب بنانے کےلئے ڈائر یکٹر جنرل حج ڈاکٹر ساجد یوسفانی کی معاونت کیلئے آنے والے وزارت مذہبی امور کے ڈی جی نور سلم شاہ دیگر افسران و اسٹاف،حج میڈیکل مشن اورڈپٹی ڈائریکٹر مدینہ منورہ فاروق رشید نے لوکل معاونین و خدام الجاج کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عازمین حج کو ہر ممکن رہنمائی اور مدد فراہم کی جائے۔ ڈائریکٹر جنرل نے اسٹاف کو خصوصی طور پر ہدایت کی کہ عازمین سے محبت، احترام اور شائستگی سے پیش آنا حج مشن کی شاندار روایت کاحصہ ہے جسے ہر صورت نبھانا ہر ایک کا فرض منصبی ہے۔انہوں نے ایئرپورٹ اسٹاف کو عازمین کی امیگریشن، ویلکم سنیکس،سامان کی ٹرالی نمبر نوٹ کرنے اور ہر بس میں عازمین حج کے سامان کی موجودگی کو یقینی بنانے کے حوالے سے تفصیلی ہدایات جاری کیں تاکہ عازمین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ اس سے قبل ڈی جی حج نے ایک ٹیم کے ہمراہ عازمین حج کی رہائش گاہوں،کیٹرنگ کمپنیوں اور مدینہ منورہ ایئر پورٹ پر موجود سہولتوں کا حتمی جائزہ لیا اور اپنے اطمنان کا اظہار کیا ۔دریں اثناءہندوستان سے مدینہ منورہ آنے والی پہلی حج پرواز کا استقبال سفیر ہند احمد جاوید نے کیا۔ انکے ہمراہ قونصل جنرل نور رحمان شیخ ، حج قونصل شاہد عالم اور قونصلیٹ کے دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ سفیر ہند نے عازمین حج کے پہلے قافلے کو ارض مقدس آنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ قبل ازیں سفیر ہند نے مدینہ منورہ میں عازمین کے قیام کےلئے کئے گئے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور اپنے اطمنان کا اظہار کیا ۔واضح رہے امسال ہندوستان سے ایک لاکھ 75 ہزار سے زائد عازمین ارض مقدس پہنچیں گے جن میں سے ایک لاکھ 28 ہزار 723 حج مشن کے تحت جبکہ باقی پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کی زیر نگرانی فریضہ حج ادا کریں گے۔ دوسری جانب اطلاعات کے مطابق انڈونیشی عازمین کا بھی پہلا قافلہ مدینہ منورہ پہنچا جہاں انڈونیشی قونصلیٹ ، وزارت حج اور دیگر اداروں کے عہدیداروںنے ان کا استقبال کیا ۔ دریں اثناءجدہ ائیر پور ٹ کے ترجمان ترکی الذیب نے اردونیوز کو بتایا کہ بنگلہ دیش اور دیگر ممالک سے عازمین کی آمد کا سلسلہ آج سے شروع ہو جائےگا ۔ جدہ حج ٹرمینل پر تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ امیگریشن کے علاوہ کسٹم اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کوڈیوٹیاں سونپ دی گئی ہیں ۔ حج ٹرمینل پر ہر برس کی طرح امسال بھی اضافی عملہ متعین کیا گیا ہے ۔ سرکاری اداروں کے علاوہ مختلف ممالک کے حج مشنز کے خدمتگاروں نے بھی اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں ۔ موبائل ٹیلی فون کمپنیوں کی جانب سے بھی اسٹالز پر اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ۔