Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خودکش حملے پر صد ر پاکستان سے سعودی قیادت کا اظہار تعزیت

جدہ ... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستان کے جنوب مغرب میں انتخابی اجتماع پر خو د کش حملے سے ہونے والے جانی نقصانات پر صدر پاکستان ممنون حسین سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔ مذکورہ خود کش حملے میں کافی تعداد میں لوگ جاں بحق اور زخمی ہوئے۔ شاہ سلمان نے صدر ممنون کے نام تعزیتی پیغام میں تحریر کیا کہ پاکستان کے جنوب مغرب میں انتخابی اجتماع پر خودکش حملے اور اس سے ہونے والی اموات اور زخمیوں کی اطلاع سن کر ہمیں دکھ ہوا۔ ہم اس مجرمانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور آزمائش کی اس گھڑی میں اپنے پاکستانی بھائیوں اور آپ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ شاہ سلمان نے سعودی عوام و حکومت اور خود اپنی جانب سے پاکستان کے برادر عوام ، جاں بحق ہونے والوں کے اعزہ سے گہرے رنج و ملال کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ جاں بحق ہونے والوں کے ساتھ انتہائی رحمت کا معاملہ فرمائے اور زخمیوں کو شفائے کامل و عاجل سے نوازے او رپاکستان اور اس کے برادر عوام کو ہر آفت اور مصیبت سے اپنی پناہ میں رکھے۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی مذکورہ خودکش حملے پر صدر پاکستان کے نام تعزیت و ہمدردی کا پیغام ارسال کیا ہے۔
 

شیئر: