50لاکھ کے قرض نے 6افراد کی جان لے لی
ہزاری باغ۔۔۔۔جھارکھنڈ میں ضلع ہزار ی باغ کے کافی بازار میں واقع خزانچی تالاب احاطے کے اپارٹمنٹ سے پولیس نے ایک ہی خاندان کے 6افراد کی لاشیں برآمد کیں۔ لاشوں کی شناخت مہاویر پرساد مہیشوری،ان کی بیوی کرن مہیشوری، بیٹا نریش مہیشوری،بہو پرتیمامہیشوری ، پوتا امن اور پوتی انک کے طور پر ہوئی۔2لاشیں پھندے پر لٹکی ہوئی تھیں، ایک بالکنی کے نیچے جبکہ 3لاشوں پر دھار دار آلے کے نشانات ملے۔پولیس نے موقع سے ایک سوسائڈ نوٹ بھی برآمد کیا جس پر تحریر ہے کہ امن کو لٹکا نہیں سکتے تھے اسلئے اسے قتل کیا گیا۔ نوٹ میں یہ بھی تحریر ہے ۔ بیماری، دکان بند، دکانداروں کا بقایہ نہ دینا ،بدنامی، قرض ،تناؤ(ٹینشن)وغیرہ۔ ذرائع نے بتایا کہ مہیشوری کا مہاویر چوک میں میوہ جات کا کا روبار تھا ۔ کاروبار کیلئے بینک سے 50لاکھ روپے کا قرض لیا گیا تھا۔پولیس نے نعشیں قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیں اور واقعہ کی گتھی سلجھانے کی کارروائیوں میں مصروف ہے۔