جدہ حج ٹرمینل پر ضیوف الرحمن کیلئے ریڈ کارپٹ کا افتتاح
جمعرات 19 جولائی 2018 3:00
جدہ ... سیکریٹری گورنریٹ ڈاکٹر ہشام الفالح نے جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ماتحت حج ٹرمینل پر ضیوف الرحمن کو خوش آمدید کہنے کیلئے قائم کئے گئے ریڈ کارپیٹ کا افتتاح کردیا۔ وزارت حج نے نائب وزیر حج ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط ، کنگ عبدالعزیز کے ڈائریکٹر جنرل عصام فواد اور سرکاری حج اداروں کے متعدد عہدیداروں کی موجودگی میں اسکا اہتمام کیاگیا۔ الفالح نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حجاج کرام کے قافلوں کی آمد پر ہمیں خوشی ہے۔ مہمانان حرم حج کے مناسک ادا کرنے کیلئے ارض مقدس کا رخ کررہے ہیں۔ سعودی قیادت ان کا خیر مقدم کررہی ہے۔ مرکزی حج کمیٹی کے سربراہ گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل اور نائب گورنر شہزادہ عبداللہ بن بندر تمام انتظامات پر نظررکھے ہوئے ہیں۔ الفالح نے یہ بھی کہا کہ تمام حج اداروںنے حج 1439ھ کی تیاریاں حج 1438ھ کے اختتام پر منصوبہ بندی سے شروع کردی تھیں۔ سال بھر انتظامات کی تیاریاں ہوتی رہیں۔ ہر ادارے کا ہدف یہی تھا کہ حجاج کرام کو خوش آمدید کہا جائے اور مملکت آمد کے سلسلے میں ممکنہ سہولتیں مہیا کی جائیں۔ حجاج کی خدمت پر مامور ہر اہلکار حاجیوں کے لئے چشم برا بنا ہوا ہے۔ یہ تمام عازمین کیلئے عملی پیغام ہے ۔ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ضیوف الرحمان کو مملکت میں قدم رکھنے سے لیکر واپسی کے وقت تک خدمت کا اعزاز اللہ کی طرف سے عطا ہے۔