سندھ کے حقوق کا تحفظ صرف پیپلز پارٹی کر سکتی ہے‘ شرجیل میمن
کراچی: سابق صوبائی وزیر اور پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنما صوبے کی تقسیم کی بات کررہے ہیں تاہم پیپلز پارٹی کسی بھی صورت میں سندھ کو تقسیم نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے میں وہ لوگ شامل ہیں جنہوں نے کالا باغ ڈیم جیسے سندھ دشمن منصوبے کی حمایت کی تھی۔
ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سندھ کے حقوق کی تحفظ صرف پیپلزپارٹی ہی کرسکتی ہے اوراگرالیکشن شفاف ہوئے توانتخابات میں پیپلزپارٹی ہی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بلاول بھٹوزرداری اس وقت پاکستان کے سب سے مقبول ترین لیڈر ہیں۔ لوگ بلاول بھٹو زرداری کو ایک ترقی پسند اور نوجوان لیڈر کے طورپرپسند کرتے ہیں، اگرالیکشن شفاف ہوئے تو انتخابات میں پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔