کرایہ دار ماہانہ، سہ ماہی، ششماہی اور سالانہ کرایہ ”سداد“سے جمع کراسکتے ہیں، ایجار
اتوار 22 جولائی 2018 3:00
ریاض.... سعودی وزارت آبادکاری کے ماتحت " ایجار" پروگرام کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ کرایہ دار وہ سعودی ہوں یا غیر ملکی ماہانہ، سہ ماہی، ششماہی اور سالانہ کرایہ "سداد" سے جمع کراسکتے ہیں ۔ اس سہولت سے مکانات کے مالکان اور کرایہ دار دونوں سہولت محسوس کریں گے۔ اس اسکیم پر عملدرآمد کی صورت میں کرائے کی ادائیگی کو قانونی سند مل جائے گی۔ مالک مکان اور کرایہ دار کے وقت کی بھی بچت ہوگی۔ شکایات کی صورت میں آن لائن ادائیگی کو ثبوت کے طور پر پیش کیا جاسکے گا۔ اس کا فیصلہ سعودی کابینہ نے کیا تھا۔ وزارت آباد کاری نے ایجار پروگرام کے تحت کرایہ داروں اور عمارتوں کے مالکان کے حقوق و فرائض بھی متعین کر دیئے۔ رئیل اسٹیٹ کے ثالث بھی حقوق و فرائض کے حوالے سے یکسو ہوجائیں گے۔ سداد کے ذریعے کرایہ اسی صورت میں ادا کیا جاسکے گا جبکہ مالک مکان ایجار سروس ویب سائٹ پر اپنا اکاﺅنٹ قائم کرلے۔ اس کے تحت تمام معلومات اکاﺅنٹ پر موجود ہونگی۔ خاص طور پر بینک کھاتہ کا ایبان نمبر بھی مہیا ہوگا۔ ایجار پروگرام کا افتتاح 12 فروری 2018 ءکو کردیاگیا تھا۔ اس کے بموجب اصلاح و مرمت کا عمل بھی یقینی ہوجائے گا اور پانی و بجلی کے بل کے معاملات بھی مقررہ پروگرام کے مطابق حل ہونگے۔