الیکشن ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل ہوگا‘ سندھ پولیس
کراچی: 2 روز بعد 25 جولائی کو ملک بھر میں انتخابات ہونے والے ہیں۔ اس حوالے سے سیاسی جماعتوں اور نگراں حکومت کے ساتھ سیکورٹی ادارے بھی قیام امن کو یقینی بنانے کے لیے اپنی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ کراچی میں حالات اور سیکورٹی کی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے سندھ پولیس کی تعیناتیوں سے متعلق ہدایات جاری کردی ہیں۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کے دوران سندھ بھر میں ایک لاکھ سے زائد پولیس افسران اور جوان سیکورٹی پر مامور ہوں گے اور اس دوران ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کرایا جائے گا۔ تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ اسلحہ کی نمائش، اسلحہ ساتھ لے کر چلنے پر پابندی کے علاوہ پولنگ اسٹیشنوں کے اطراف میں عوامی اجتماعات پر دفعہ 144 نافذ ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق کراچی 23463 ، حیدرآباد 16483، میرپورخاص6475، شہید بینظیر آباد9652،سکھر9919،اورلاڑکانہ میں 10541 جبکہ مجموعی طور پر تمام پولنگ اسٹیشنوں پر 76533 پولیس افسران اور جوان سیکورٹی فرائض پرمامور ہوں گے ۔