نواز اور شہباز شریف کے حلقے میں ن لیگ کا کوئی امیدوار ہی نہیں
راجن پور: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 194 میں دو سگے بھائی شہباز شریف اور نواز شریف اپنا ووٹ ڈالنے کے لیے پولنگ اسٹیشن پہنچے تاہم انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ نجی ٹی وی کے مطابق راجن پور 2 کے قومی اسمبلی کے حلقے 194 میں اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب دو سگے بھائی نواز شریف اور شہباز شریف حق رائے دہی کے لیے متعلقہ پولنگ اسٹیشن پہنچے ۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور موجودہ صدر شہباز شریف کے ہم نام یہ دونوں بھائی مسلم لیگ (ن) ہی کے ووٹرز اور سپورٹرز ہیں۔
اپنے قائدین کے ہم نام ان دونوں ووٹرز کا کہنا تھا کہ ہمارے والدین نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی محبت میں مغلوب ہو کر ہمارے نام رکھے تھے اور ہم بھی مسلم لیگ (ن) کے شیدائی ہیں لیکن پولنگ اسٹیشن پر پہنچ کر افسوس ہوا کہ اس حلقے سے مسلم لیگ (ن) کا کوئی امیدوار انتخاب نہیں لڑ رہا ہے اب سمجھ نہیں آرہا ہے کہ ہم کسے ووٹ دیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ انتخابات میں حلقہ این اے 175 ( موجودہ این اے 194) سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حفیظ الرحمن دریشک نے 1 لاکھ سے زائد ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی اور اس بار بھی مسلم لیگ (ن) نے انہیں ٹکٹ دیا تھا تاہم کاغذات نامزدگی قبول ہونے کے بعد انہوں نے اپنی پارٹی کو ٹکٹ واپس کردیا اور اب آزاد حیثیت سے جیپ کے نشان پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔