این اے 131 سے عمران خان کی کامیابی چیلنج
لاہور: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131 سے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی کامیابی کو چیلنج کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے عمران خان کی کامیابی کو چیلنج کرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر محمد اختر بھنگور کو درخواست جمع کرائی ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ 131 میں سیکڑوں ووٹ مسترد ہوئے جو پریزائیڈنگ آفیسر نے دانستہ طور پر کیے۔ لہٰذا مذکورہ ووٹوں کی گنتی دوبارہ کی جائے اور گنتی کا عمل مکمل ہونے تک کوئی نوٹیفکیشن جاری نہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ این اے 131 میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سخت مقابلے کے بعد سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو شکست دی تھی۔ عمران خان نے 84313 جب کہ خواجہ سعدرفیق نے 83633 ووٹ حاصل کیے ہیں ۔