Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انتخابی نتائج مسترد ‘ دوبارہ الیکشن کا مطالبہ

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس نے انتخابی نتائج مسترد کرتے ہوئے دوبارہ الیکشن کرانے کا مطالبہ کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایم ایم اے کے زیر اہتمام گزشتہ روز اسلام آباد میں کل جماعتی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا جس کی صدارت سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمن نے مشترکہ طور پر کی۔ ذرائع کے مطابق کانفرنس میں انتخابات کی شفافیت پر سوالات اٹھاتے ہوئے نتائج مسترد کردیے گئے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں الیکشن دوبارہ کرائے جائیں۔ اے پی سی میں ن لیگ کے صدر شہباز شریف کی قیادت میں وفد بھی شریک ہوا ۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، گورنر سندھ محمد زبیر، وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الدین، سربراہ قومی وطن پارٹی آفتاب شیر پاﺅ، سراج الحق، شاہ اویس نورانی اورعلامہ ساجد نقوی شمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنما شریک ہوئے ۔قبل ازیں پیپلز پارٹی نے مصروفیات کے باعث اے پی سی میں شرکت سے معذرت کرلی تھی تاہم متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فاروق ستار اور پاک سرزمین پارٹی کے مصطفی کمال شریک ہوئے تھے۔ کل جماعتی کانفرنس میں انتخابی عمل اور نتائج پر سیاسی جماعتوں کے اعتراضات اور تحفظات کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا گیا۔
 

شیئر: