Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اے ٹی ایم کارڈ کے مقابلے میں اسمارٹ موبائل سے خریداری زیادہ فائدہ مند

ریاض.... سعودی بینکوں کے ترجمان طلعت حافظ نے واضح کیا ہے کہ اے ٹی ایم کارڈ کے مقابلے میں اسمارٹ موبائل سے خریداری زیادہ آسان اور زیادہ مفید ہے۔ آئندہ تجارتی مراکز میں خریداری کیلئے اے ٹی ایم کارڈ کے بجائے اسمارٹ فونز کا استعمال زیادہ کار گر ثابت ہوگا۔ انہوں نے اس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اسے " مدی کارڈ" میں ڈیجیٹل سروس کی فراہمی کا نام دیا گیاہے۔ اس کا طریقہ کار یہ ہے کہ اے ٹی ایم کارڈ کی معلومات اسمارٹ فون میں منتقل کردی جاتی ہیں ۔ یہ دونوں طرح سے ہوسکتی ہیں یعنی آن لائن بھی اور اپنے طور پر ۔ اے ٹی ایم کارڈ کے نمبر مخصوص طریقے سے اسمارٹ فون میں منتقل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس کا تجربہ بہت اچھی طرح کرلیا گیا ہے۔ تسلی بخش ہے ، کارکردگی موثر اور معیاری ہے ۔ طلعت حافظ نے بتایا کہ یہ سہولت ہر اسمارٹ فون میں مہیا نہیں ہوگی صرف وہی فون اس قسم کی خدمات کیلئے موثر ثابت ہونگے جن میں اس کی گنجائش ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ اسمارٹ فون میں یہ خصوصیت حاصل کرنے کیلئے کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔ اسے اندرون ملک ہی استعمال کیا جاسکے گا بلکہ بیرون مملکت اس سہولت سے استفادہ کیلئے اضافی اخراجات کھاتہ دار کا ذمہ ہونگے۔ مثال کے طور پر کرنسی میں جو فرق ہوگا وہ کھاتہ دار سے وصول کیا جائے گا۔ طلعت حافظ نے یہ بھی بتایا کہ 100 ریال اور اس سے کم کی خریداری موبائل سے کسی کارروائی کے بغیر ہوسکے گی جبکہ زیادہ کی خریداری کیلئے کھاتہ دار کو پاس ورڈ ڈالنا ضروری ہوگا۔ 

شیئر: