ریاض.... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی میزبانی میں امسال یمن اور سوڈانی افواج کے شہداءکے اہل خانہ 1500 افراد فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ وزارت اسلامی امور دعوت و رہنمائی میزبانی کے فرائض انجام دے گی۔ یمن میں فیصلہ کن طوفان اور بحالی آرزو جنگ میں شریک یمن کی سرکاری افواج اور سوڈانی افواج کے جو جوان شہید ہوئے ہیں ان کے اعزہ شاہی ضیافت میں حج کریں گے۔ یہ بات وزیر اسلامی امور دعوت و رہنمائی شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے بتائی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب مسلم دنیا کا پراگندہ شیرازہ جمع کرنے ، مصیبت زدگان کی مدد کرنے اور برادران اسلام کے درمیان محبت و اخوت کے رشتے راسخ کرنے کیلئے مختلف اقدامات کرتا رہتا ہے۔ ان ہی میں سے یمن کو باغیوں سے نجات دلانے کیلئے جنگ اور یمن کے اتحاد و سالمیت کے تحفظ کیلئے مطلوب اقدامات بھی شامل ہیں۔