Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انٹرنیشنل کرکٹ میں نئی انٹری: نیپال ون ڈے کھیلے گا

لندن: ون ڈے انٹر نیشنل کرکٹ میں نیپالی ٹیم ہالینڈ کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیل کر نئی تاریخ رقم کرے گی۔ نیپال کی ٹیم کو صرف 8 سال کے عرصے میں ون ڈے انٹر نیشنل ٹیم کا درجہ ملا ہے جس پر اس کے کپتان پرس کھڑکا بہت خوش ہیں ۔ ان کا کہنا تھاکہ یہ ہماری محنت کا ثمر ہے اور اب ہم ایک نئی شروعات کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ نیپالی ٹیم لارڈز کے تاریخی گراونڈ میں اپنے پہلے میچ کو بھی یادگار اور تاریخی بنانے کیلئے بے چین ہے۔ دونوں ٹیمیں اس سے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیل رہی تھیں جس کا تیسرا میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ قرار دے کر ختم کردیا گیا۔نیپال نے اس سال مارچ میں آئی سی سی ورلڈ کوالیفائر مقابلوں کے دوران پاپوا نیو گنی کو شکست دے کر ون ڈے انٹرنیشنل ٹیم کا درجہ حاصل کر لیا تھا۔ کپتان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے بہت خاص ہونے کے ساتھ ایک بڑا جذباتی لمحہ بھی ہوگا ۔ 8سال پہلے ہم آئی سی سی ورلڈ کرکٹ لیگ ڈویژن فائیو ہی کھیل سکتے تھے لیکن آج ہم ون ڈے انٹر نیشنل میچ کی دہلیز پر کھڑے ہیں اور دنیا کی 16 ٹاپ ٹیموں کا حصہ ہیں۔

شیئر: