نواز شریف بیرون ملک نہیں جائیں گے،مشاہد اللہ
اسلام آباد...مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کیساتھ اڈیالہ جیل میں ناروا سلوک برتا گیا جس کی مذمت کرتے ہیں۔منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کی نظریں اس وقت پاکستان پر لگی ہوئی ہیںاور وہ دیکھ ر ہے ہیں کہ اس ملک میں کیسا تماشا لگا ہوا ہے۔جس شخص نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اور معاشی لحاظ سے مضبوط کیا اس کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ این آر او کے حوالے سے خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ اگر نواز شریف نے این آر او کرنا ہوتا تو ملک میں واپس ہی نہ آتے۔نواز شریف کو جھوٹے اور من گھڑت مقدمے میں سزا ہوئی ۔آئینی و قانونی ماہرین بھی حیران ہیں کہ احتساب عدالت نے بناءثبوت کے کیسی سزا سنائی ۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں کرپشن ثابت نہ ہوئی تو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر تاحیات نا اہلی کی سزا سنا دی گئی جو صرف نواز شریف کو اقتدار سے الگ کرنے کی ایک سازش تھی ۔انہو ںنے کہا کہ نواز شریف کوئی این آر او کرے گا نہ ہی بیرون ملک جائیں گے۔اڈیالہ جیل میں نواز شریف کو ناروا سلوک برتا جارہا ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔