ایم کیو ایم اور تحریک انصاف میں حکومت سازی کا معاہدہ
اسلام آباد...تحریک انصاف کی جانب سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مردم شماری پر تحفظات، کراچی سے متعلق معاملات اور متنازعہ حلقے کھولنے سمیت پیش کئے گئے دیگر معاملات حل کرنے کی یقین دہانی کے بعد دونوں جماعتوں میں حکومت سازی کا معاہدہ طے پا گیا ۔ جمعہ کو ایم کیوایم نے جہانگیر ترین کی جانب سے حکومت میں شمولیت کی دعوت پر عمران خان کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے ایم کیوایم کا وفد خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں چیئرمین تحریک انصاف سے ملاقات کےلئے اسلام آباد پہنچا ۔ عمران خان سے ملاقات سے پہلے جہانگیر ترین سے ملاقات کی اور اپنے مطالبات ان کے سامنے رکھے۔ایم کیوایم نے جہانگیر ترین سے ملاقات میں کراچی پیکیج پرمن وعن عمل درآمد کی یقین دہانی مانگی جس میں پانی، انفرااسٹرکچر، صفائی اور ٹرانسپورٹ سمیت دیگر عوامی مسائل کاحل شامل ہے ۔ذرائع کے مطابق ایم کیوایم نے پی ٹی آئی سے کراچی میں اپنے دفاتر کو کھلوانے کی یقین دہانی مانگی ہے۔ سندھ اسمبلی میں لیڈرآف اپوزیشن اور گرینڈاپوزیشن الائنس بنانے کےلئے بھی تعاون کا کہا گیا ۔ بعد ازاں ایم کیو ایم کے وفد نے عمران خان سے ملاقات کی۔تحریک انصاف اور ایم کیو ایم پاکستا ن کے وفود کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد حکومت سازی کا معاہدہ طے پا گیا ۔ ایم کیو ایم نے تحریک انصاف کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا بریفنگ میں جہانگیر ترین نے بتایا کہ ایم کیوایم سے معاملات طے پاگئے۔تعاون کے حوالے سے معاہدہ ہوگیا ۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی اختیارات کے حوالے سے ایم کیوایم کی سپریم کورٹ میں درخواست میں ان کا ساتھ دیںگے۔کراچی کے عوام نے بھرپورطریقے سے ہمارا ساتھ دیا ہے۔شہر کے لئے خصوصی مالیاتی پیکیج دیا جائےگا۔شہر میں پانی، سیوریج اور ٹرانسپورٹ کے مسائل ہیں۔ شہر کے بلدیاتی نظام کے حوالے سے ایم کیوایم کی سپریم کورٹ میں دائر پٹیشن کی حمایت کریں گے۔ حیدرآباد میں بھی یونیورسٹی کے قیام کی حمایت کرتے ہیں۔