لندن .... آج کے دور میں بچوں کی مصروفیات یقینی طور پر وہ نہیں جو آج سے 40 سے50سال قبل ہوا کرتی تھیں۔ پہلے زمانے میں بچوں کا زیادہ تر وقت گھر سے باہر کھلی جگہوں پر کھیل کود اور دیگر مشغولیات میں گزرتا تھا اور وہ میدانوں میں زور آزمائی کے ساتھ درختوں پر چڑھنے اترنے کو اپنا مشغلہ بنالیتے تھے مگر اب حالات یکسر تبدیل ہوچکے ہیں۔ اس حوالے سے ماہرین عمرانیات اور ماہرین نفسیات نے جو رپورٹ تیار کی ہے اسکے مطابق آج کل کے بچے ہفتے میں بمشکل صرف 7گھنٹے گھر سے باہر گزارتے ہیں اور زیادہ تر وقت میں وہ گھر میں بیٹھ کر وڈیو گیمز کھیلتے رہتے ہیں۔ رپورٹ مرتب کرنے والے ادارے کا کہناہے کہ رپورٹ کی تیاری کیلئے6سے 16سال کی عمر تک کے 2ہزار بچوں کی عادات و اطوار کا جائزہ لیا گیا اور انکے والدین سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔ سروے رپورٹ کے مطابق اکثر صورت میں بچے گھر سے باہر نکلنا پسند نہیں کرتے اور اسکانتیجہ یہ ہوتا ہے کہ 40فیصد والدین اپنے بچوں کو گھر سے باہر وقت گزارنے کےلئے راضی کرنے کی غرض سے اچھی خاصی دشواری کا سامنا کرتے ہیں۔