ایرانی عازمین حج ہدایات کی پابندی کرینگے ، مشاط
جدہ۔۔۔۔۔سعودی عرب کے نائب وزیر حج و عمرہ عبدالفتاح مشاط نے انکشاف کیا ہے کہ امسال حج موسم سے قبل ایران سمیت تمام متعلقہ ممالک کے حج مشنوں کے ساتھ حج ہدایات کی پابندی کے سمجھوتے طے پاگئے۔ایران نے حج ہدایات کی پابندی اور حج مناسک کے سوا کوئی اور مسئلہ نہ اٹھانے کی پابندی کرنےکا عہد کرلیا۔ مشاط نے الشرق الاوسط سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وزارت نے قطر کے شہریوں اور وہاں مقیم غیر ملکیوں کو آن لائن اندراج کیلئے 2مرتبہ لنک دینے کی کوشش کی تاہم قطر کے حکام نے اس پر ابتک کوئی مثبت جواب نہیں دیا ۔ سعودی عرب نے اس کے بعد دنیا کے کسی بھی علاقے سے آنیوالے قطری عازمین کو جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹر نیشنل ایئر پورٹ پہنچنے پر براہ راست فوری اندراج کی سہولت مہیا کردی ہے۔