نومنتخب ارکا ن اسمبلی کی آج حلف برداری
اسلام آباد...نو منتخب قومی اسمبلی کا پہلااجلاس پیرکی صبح10 بجے ہوگا۔ نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے۔اجلاس کی صدارت اسپیکر سردارایازصادق کریں گے جو نومنتخب ارکان اسمبلی سے حلف لیں گے۔15 اگست کو اسپیکر اورڈپٹی اسپیکراور17 اگست کو وزیراعظم کاانتخاب ہو گا جس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ مدت کےلئے ملتوی کردیاجائےگا۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لئے انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوگا۔ وزیراعظم کا انتخاب تقسیم کے عمل کے ذریعے ہوگا جس سے صاف نظر آئے گا کہ کس رکن نے وزیر اعظم کے منصب کے لئے کس امیدوار کو ووٹ دیا ہے وزیر اعظم کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں 18 اگست کو ہو گی۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق نومنتخب ارکان کی اجلاس میں شر کت اور حلف برداری ،اسپیکر و ڈپٹی سپیکر اور وزیر اعظم کے انتخاب میں ووٹ ڈالنے کے لئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طر ف سے جاری کارڈ لازمی ہو گا ۔ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق نومنتخب ارکان کے کوائف اکٹھا کرنے اور قومی اسمبلی کے کارڈز کے اجراء کے لئے پارلیمنٹ ہاو¿س کے کمیٹی روم نمبر 2 میں خصوصی سہولت مرکز قائم کیا گیا ہے۔ افتتاحی اجلاس کے لئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کے لئے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔ کسی بھی شخص کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری کارڈ کے بغیر پارلیمنٹ ہاوس میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے نومنتخب ارکان قومی اسمبلی کوحاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پیر کوطلب کرلیا۔ترجمان کے مطابق عمران خان ارکان قومی اسمبلی کوگائیڈلائنزدیں گے۔اجلاس میں اسپیکر ،ڈپٹی اسپیکر اوروزیراعظم کے انتخاب پر بھی مشاورت ہوگی۔ شاہ محمودقریشی اسپیکراورڈپٹی ا سپیکرکے چناو¿ پربریفنگ دیں گے۔دریں اثناءسابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف زرداری سے ملاقات کی۔ قومی اسمبلی اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی پرمشاورت کی گئی۔ ادھرمسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پیرکوپارلیمانی پارٹی کا اجلاس اسلام آباد میں طلب کر لیا ۔اجلاس میں وفاقی حکومت سازی سمیت ملکی سیاسی صورتحال کے امور زیر بحث آئیں گے۔