Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گیٹ کے سامنے لگے الیکٹرک پول نے شاندار مکان کی قدرو قیمت گھٹا دی

لندن ....   جمالیات کا تقاضا ہے کہ ہر چیز اپنی جگہ پر نظر آئے یعنی کوئی بھی  چیز ہو اگر کسی دوسری جگہ رکھ  دی جائے تو نہ صرف وہ بری لگتی ہے  بلکہ وہ جگہ بھی خراب سمجھی جاتی ہے جہاں یہ چیزیں رکھی جاتی ہیں۔   ایسا ہی کچھ یہاں ویگان کے مانچسٹر  روڈ  پر بنے ایک خوبصورت  اور  شاندار مکان کے ساتھ ہوا ہے۔  جہاں بلڈرز نے  مکان کا   دروازہ ایسی جگہ لگایا جس کے  سامنے ہی بجلی کا کھمبا موجود تھا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ اس کی وجہ سے مکان کا بیرونی دروازہ تقریباً بند ہوگیا ہے۔  دیکھنے والے حیران ہیں کہ آخر ایسی احمقانہ غلطی کس نے کی اور کیوں کی ہے؟ اس گھر کے پڑوس میں رہنے والے ایرک فلمنگ کا کہناہے کہ شاید بجلی پول بہت پہلے سے یہاں موجود تھا او راس  ہائوسنگ سوسائٹی کی تعمیر میں مقررہ وقت سے کہیں زیادہ تاخیر ہوگئی جس کی وجہ سے یہ بجلی کا پول مین گیٹ کے بالکل سامنے آگیا۔ بلڈرز کی  حماقت یا منصوبہ سازوں کی غفلت جو بھی ہو  بہرحال اس خرابی نے شاندار مکان کی قدرو قیمت کم کردی ہے۔  کہا جاتا ہے کہ سوسائٹی کے اس مکان کی تعمیر اسی سال ہوئی ہے اور 3بیڈ  رومز پر مشتمل یہ مکان پراپرٹی ڈیلرز کے حساب سے  اس وقت 2لاکھ 19ہزار مالیت کا ہے مگر بجلی پول کی وجہ سے کوئی خریدار اتنی قیمت پر اسے خریدنے پر آمادہ نہیں۔  اول  تو اسے کوئی خریدنا نہیں چاہتا اور اگر کچھ خواہشمند آتے بھی ہیں تو اسکی قیمت تقریباً ایک چوتھائی کم کرانے پر اصرار کرتے ہیں۔ سردست اس مکان میں اب تک کوئی کرایہ دار بھی نہیں آیا۔
مزید پڑھیں:- - - - -جاپانی میڈیکل کالج عرصہ دراز تک لڑکیوں کو جان بوجھ کر فیل کرتا رہا

شیئر: