سعودی عرب کے القصیم ریجن میں بنائےگئے ’واحۃ بریدہ ‘(بریدہ کا نخلستان) کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرلیا گیا۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق القصیم ریجن کے گورنر شہزادہ ڈاکٹر فیصل بن مشعل بن سعود بن عبدالعزیز نے’بریدہ اوایسس‘ سرٹیفکیٹ گنیز بک کے نمائندے سے وصول کیا۔
گورنر قصیم نے عالمی ماحولیاتی کامیابی پر تمام شعبوں اور سرکاری اداروں کو مبارک باد دی جن کی مثالی کاوشوں سے بریدہ میں بنائے گئے نخلستان کو دنیا کا سب سے بڑا نخلستان قرار دیا گیا۔

گورنر قصیم نے کہا’ نخلستان میں پودوں کا حصہ بڑھانے اور آبپاشی کی جدید سہولتوں کی بدولت یہ علاقہ ایک نمونہ بن گیا ہے جو مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا‘۔
نیشنل واٹر کمپنی کے سی ای او ڈاکٹر فواد آل الشیخ مبارک نے کہا ’یہ کامیابی سعودی گرین انشیٹیو کے تحت ہوئی ہے۔ بریدہ نخلستان 19 ملین مربع میٹررقبح پر محیط ہے، جہاں جدید ترین آبپاشی نیٹ ورک 3 ملین میٹر کے دائرے پر پھیلا ہوا ہے‘۔
