Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلاول ہاوس کی دیوار گرائیں گے، عمران اسماعیل

کراچی ...تحریک انصاف کے رہنما اور نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ بلاول ہاوس کی گرد دیوار گرانا ایجنڈے میں شامل ہے ۔ پیپلزپارٹی سے بلاول ہاوس کی حفاظتی دیواریں گرانے کی بات کریں گے۔ دیواریں نہ گرائی گئیں تو قانونی کارروائی کریں گے۔پیر کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا جھگڑا ہی کرپشن کے خلاف ہے جو کسی صورت برداشت نہیں۔ اگر پارٹی کے کسی شخص کے خلاف ثبوت ملے تو میں خودکارروائی کروں گا۔انہوںنے کہا کہ کوشش ہے کہ احتساب اور شفافیت کو مکمل کیا جائے۔عام آدمی کے مسائل حل کرنے ،پیپلزپارٹی کی حکومت اور دیگر سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کرچلنے کی کوشش ہے۔ مراد علی شاہ کے ساتھ اپنا پروگرام شیئر کروں گا۔نامزد گورنر سندھ نے بتایا کہ سندھ میں بے انتہا مالی بے ضابطگیاں ہوئیں ۔ وفاق کے بغیر سندھ نہیں چل پائے گا۔ سندھ کی مدد کررہے ہیں۔ یقین ہے تمام جماعتیں ساتھ کھڑی ہوں گی۔کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ اپوزیشن لیڈر کا اعلان عمران خان خود کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں تختی لگانے اور فیتے کاٹنے کا شوق نہیں ہم تو سندھ کی مدد کرنے آئے ہیں۔ گورنر کی حیثیت سے وزیر اعلی کے ساتھ مل کر چلنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کراچی کے لئے بڑا پیکیج دینا چاہتے ہیں ۔ وزیر اعظم اور سندھ حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کروں گا ۔انہوں نے کہا کہ سندھ نے اپنا فیصلہ دے دیا۔ اب لکیر پیٹنے کا کوئی فائدہ نہیں۔
مزید پڑھیں:سندھ اسمبلی کے نو منتخب ارکان کی حلف برداری

شیئر: