72ویں یوم آزادی کے موقع پر سفارتخانے میں پرچم کشائی، ہندوستانی خواتین و حضرات اور بچوں کی کثیر تعداد میں شرکت ، یوگا کے سعودی ماہرین کو تہنیتی شیلڈ
ریاض ( کے این واصف ) ہندوستان کا 72واں یوم آزادی ریاض میں پورے جوش و خروش سے منایا گیا۔ سفیر ہند احمد جاوید نے ہندوستانی ایمبیسی حی السفارات پر قومی ترنگا لہرا کر تقریب کا افتتاح کیا۔ آج چھٹی کا دن نہ ہونے کے باوجود ہندوستانی مرد و خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد انڈین ایمبیسی کے احاطے میں منعقدہ اس قومی تقریب میں شریک تھی جہاں ایک تہوار کا سماں بندھا ہوا تھا۔ ابتداءمیں فرسٹ سیکریٹری سفارتخانہ ہند ڈاکٹر حفظ الرحمان نے حاضرین کا خیر مقدم کیا اور آج کے پروگرام کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ پرچم کشائی کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا جس کے بعد سفیر ہند احمد جاویدنے ایمبیسی آڈیٹوریم میں کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امسال سفارتخانے کی جانب سے دو بڑے اور کامیاب پروگرام منعقد کئے گئے۔ پہلا پروگرام ریاض کے سالانہ ثقافتی میلے”جنادریہ“ میں ہندوستان کے پویلین کی شاندا ر مقبولیت اور دوسرا بین الاقوامی ” یوگا ڈے“ کے موقع پر پیش کیا گیا یوگا ڈیموسٹریشن تھا جس میں ہندوستانیوں کے علاوہ سعودی مرد و خواتین کی ایک بڑی تعداد نے نہ صرف شرکت کی بلکہ یوگا میں حصہ لیا۔ احمد جاوید نے یہ بھی کہا کہ ایمبیسی نے مہاتما گاندھی صد سالہ تقاریب کے سلسلے میں ایک آن لائن کوئز پروگرام کا انعقاد کیا۔ جس پر عوام کا بڑا مثبت ردعمل رہا اور ایک بڑی تعداد نے اس کوئز پروگرام میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ایمبیسی کی کامیاب نمائندگی پر ہندوستانی باشندوں کیلئے سعودی ویزہ فیس 2ہزار ریال سے کم کرکے صرف 300ریال کردی گئی۔ احمد جاوید نے ان تمام پروگرامز میں حکومت سعودی عرب کے تعاون اور کنگ سلمان بن عبدالعزیز کا شکریہ ادا کیا۔ سفیر ہند نے ہندوستانی باشندوں سے جو یہاں بڑی تعداد میں آباد ہیں کہا کہ وہ بغیر اجازت حج پر جانے سے احتراز کریں۔ یہ نہ صرف ملکی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ باضابطہ اجازت کیساتھ حج پر آنے والوں کیلئے تکلیف کا باعث بنتا ہے۔ آخر میں سفیر ہند نے صدر جمہوریہ ہند کا قوم کے نام پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔ اس تقریب میں سفارتخانہ ہند کے فوجی اتاشی منیش ناگ پال، انیل نوٹیال سمیت دیگر سفارتکار ، ایمبیسی اسٹاف نے بھی شرکت کی۔ انٹرنیشنل یوگا ڈے میں حصہ لینے والے سعودی یوگا ماہرین مس ایم العرفج، نورہ الوائلی اور عبداللہ الریدان کے علاوہ بہترین کمیونٹی خدمات کیلئے انجینیئر محمد عبدالحمید کو سفیر ہند نے ایمبیسی کی جانب سے تہنیتی شیلڈ پیش کی۔ آخر میں ناظم تقریب ڈاکٹر حفظ الرحمان نے ہدیہ تشکر پیش کیا۔ تقریب میں شریک مہمانوں کی مٹھائیوں اور مشروبات وغیرہ سے ضیافت کی گئی۔