کیلیفورنیا کی شاہراہ پر چھوٹے طیارے کی اچانک لیکن شاندار لینڈنگ
کیلیفورنیا .... کیلیفورنیا کے شمالی علاقے سان لینڈوو کی ایک مصروف شاہراہ پر معمول کے مطابق گاڑیوں کی آمد ورفت جاری تھی کہ اچانک سڑک سے گزرنے والے کار سواروں کو ایسا محسوس ہوا جیسے ان کے سر پر کوئی چیز منڈلا رہی ہے اور قبل اس کے کہ وہ سمجھتے کہ منڈلانے والی چیز کیا ہے ایک چھوٹا طیارہ انکے سامنے بیچ سڑک پر ایمرجنسی لینڈنگ کرچکا تھا۔ اس وقت سڑک سے گزرنے والی ایک فیملی نے یہ غیر معمولی واقعہ ڈیش کیم کی مدد سے محفوظ کرلیا اور پھر اسے نیٹ پر جاری کردیا جو بیحد مقبول ہورہا ہے۔ طیارے پر سوار تمام افراد محفوظ رہے اور اس واقعہ سے کوئی دوسرا حادثہ بھی پیش نہیں آیا۔ اترنے والا طیارہ سیسنا 172تھا۔ جو ایندھن ختم ہونے کی وجہ سے ایمرجنسی لینڈنگ کیلئے مجبور ہوگیا تھا۔ یہ واقعہ شام پونے سات بجے ویسٹ بورن 1-850نامی شاہراہ پر پیش آیا۔ الامیڈا کائونٹی فائر ڈپارٹمنٹ نے واقعہ کے حوالے سے جو بیان جاری کیا ہے اس میں کہا گیا ہے کہ خیر گزری کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ورنہ اس قسم کے حادثات سلسلہ وار، خطرناک اور جان لیوا حادثات کا سبب بنتے ہیں۔ وڈیو تیار کرنیوالی فیملی کا کہناہے کہ طیارے کو آنے جانے والی کاروں کے درمیان لینڈنگ کرتے دیکھ کر انکی چیخ نکل گئی تھی۔ مقامی ٹی وی چینل کی اطلاع کے مطابق طیارے کا ہواباز کافی ماہر نظر آتا تھا او راس نے شاید اسی وجہ سے اس شاہراہ سے آمد ورفت کرنے والی گاڑیوں کے درمیان اپنی جگہ بنانے کیلئے تقریباً 5سے 10منٹ تک بہت نچلی پرواز کی ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایمرجنسی سروسز والے موقع پر پہنچ گئے۔ بعد میں یہ طیارہ وہاں سے اڑ بھی گیا اور ہیوارڈ ایگزیکٹیو ایئرپورٹ کی جانب جاتا ہوانظر آیا۔