Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج انتظامات مکمل

17اگست 2018ء جمعہ کو سعودی عرب سے شائع ہونیوالے عربی اخبارالبلاد کا اداریہ نذر قارئین ہے

ضیوف الرحمان مناسک حج کی ادائیگی شروع کرنے والے ہیں۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان 5یا 6روزہ حج پروگرام کی براہ راست نگرانی کیلئے موجود ہیں۔ تمام سرکاری ، شہری و عسکری اداروں نے مکہ مکرمہ ، منیٰ ، عرفہ و مزدلفہ میں اپنی تیاریاں مکمل کرلیں۔ افرادی قوت اور جدید ترین آلات سے متعلقہ اسکیمیں پوری کرلی گئیں۔8ذی الحجہ سے حجاج کرام کا سفر حج منیٰ سے شروع ہوجائیگا۔ حجاج کو مکہ مکرمہ سے منیٰ لے جایاجائیگا۔ ٹرانسپورٹ کے انتظامات مکمل ہیں۔ ضیوف الرحمان کو آرام و راحت اور سکون و اطمینان کی فضا میں حج کے مناسک ادا کرنے کیلئے درکار ماحول مہیا کیا جاچکا ہے۔
سعودی عرب حجاج کی خدمت کو اپنے لئے ہر اعزاز سے بڑا اعزاز سمجھتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے یہ اعزاز صرف اور صرف مملکت کو بخشا ہے۔ اہل مملکت اخلاص اور ایثار کے ساتھ یہ فرض احسن طریقے سے انجام دینے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔ شواہد بے شمار ہیں۔ ان دنوں مقامات مقدسہ میں ہر جگہ 24گھنٹے سرکاری خدمت گار چوکس نظر آرہے ہیں۔ جہاں جہاں ضیوف الرحمن ہیں وہاں وہاں نقل و حمل اور قیام و طعام سمیت تمام مطلوبہ خدمات منظم شکل میں مہیا ہیں۔ ایمان کے جذبات سے سرشار عازمین احرام پہن کر ایک ہی وقت میں ایک ہی جہت میں متحرک ہونیوالے ہیں۔ حجاج کرام ،اللہ تعالی کی رحمت کے حصول اور مغفرت طلب کرنے کیلئے ایمانی خوشبواپنے اندر بسائے ہوئے ہیں۔ سعودی عرب ، اس کے عوام اور قیادت کی ایک ہی آرزو اور دعا ہے کہ ضیوف الرحمان یہاں ایک ایک لمحہ چین سے گزاریں ، یکسو ہوکر دعا کریں اور  مقبول بارگاہ حج  سے سرشار ہوکر اپنے اپنے وطن رخصت ہوجائیں۔

مزید پڑھیں:- - - -سلامتی کونسل کو آئینہ دکھادیا

شیئر: